بینک اسلامی کوپہلی سہ ماہی میں 5.49 ارب روپے کا منافع

بدھ 23 اپریل 2025 18:04

بینک اسلامی کوپہلی سہ ماہی میں 5.49 ارب روپے کا منافع
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء)ملک کے تیزی سے ترقی کرنے والے اسلامی مالیاتی اداروں میں سے ایک، بینک اسلامی نے 31 مارچ ،2025 کو ختم ہونے والی پہلی سہ ماہی کے اپنے مالیاتی نتائج کا اعلان کر دیاہے۔ اس عرصے میں،بینک نے 5.49 ارب روپے کا قبل از ٹیکس منافع (پی بی ٹی)، مجموعی آمدنی میں 6.3 فیصد اضافہ اور نان- فنڈ بیسڈ آمدنی میں 98 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا، جو سال کے مضبوط آغاز اور اپنی متنوع حکمت عملی پر کامیاب عملدرآمد کا عکاس ہے۔

زیر جائزہ عرصہ کے دوران، ڈپازٹس میں 16 فیصد اضافہ ہوا جس کی بنیادی وجہ کرنٹ اکانٹس 24.1 فیصد اور سیونگ اکانٹس (26.6 فیصد) میں اضافہ تھا۔ بینک نے سہ ماہی کا اختتام) 22.89 فیصد (کے مضبوط کیپٹل ایڈیوکیسی ریشو (سی اے آر) کے ساتھ کیا، جو 11.50 فیصد کی کم از کم ریگولیٹری ضرورت سے تقریبا دوگنا تھا، جو دانشمندانہ کیپٹل مینجمنٹ اور مضبوط مالی نگرانی کی عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

اثاثہ جات کا ڈپازٹ تناسب (اے ڈی آر) 50 فیصد سے زیادہ برقرار رہا جو انتہائی عمدہ تناسب ہے جبکہ نشوونما کا تناسب دسمبر ، 2024 کے اختتام پر 7.4 فیصد کے مقابلے میں 7.2 فیصد تک بہتر ہوا۔اس سہ ماہی کے دوران بینک اسلامی نے پاکستان کا پہلا مکمل ڈیجیٹل اسلامی بینکاری کا تجربہ ایک (aik) متعارف کرایا۔ ڈیجیٹل طور پر مقامی اور شریعت سے باخبر صارفین کے لیے تیار کی گئی یہ ایپ موبائل کاپہلا اور اینڈ ٹو اینڈ بینکاری کا تجربہ پیش کرتی ہے اور ملک میں اسلامی فنانس کے ارتقا میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے اور بینک اسلامی کے مقصد کے ساتھ جدت طرازی کے عزم کو تقویت دیتی ہے۔

بینک اسلامی کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر،رضوان عطا نے بینک کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ سہ ماہی ان اعلی توقعات کی عکاسی کرتی ہے جو ہم نے اپنے لیے مقرر کی تھیں۔ ہم جدت طرازی، اعتماد اور بہترین کارکردگی کے ذریعے تمام پس منظر کے لوگوں تک شریعت کے مطابق فنانس تک رسائی کو وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہماری حکمت عملی آسان ہے ذمہ داری کے ساتھ آگے بڑھیں، اپنے صارفین کو بہترین خدمات فراہم کریں، اور انسانیت کورباسے بچانے کے اپنے مشن پر قائم رہیں۔

بینک اسلامی کی کارکردگی کی بنیاد اس کے مقصد پر غیر متزلزل توجہ ہے۔ہر پروڈکٹ، چینل اور اقدام کو مالیاتی نظام سے ربا کو ختم کرنے کے بینک کے بنیادی مشن کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ مقصد پر مبنی یہ نقطہ نظر ایک ترقی پذیر اور تیزی سے اقدار کے بارے میں شعور رکھنے والی مارکیٹ میں بینک اسلامی کو ممتاز کرتا رہتا ہے۔بینک اس وقت ملک بھر میں 540 سے زائد برانچز چلا رہا ہے اور ڈیجیٹل بینکاری، گھریلو ترسیلات زر، تجارت اور سرمایہ کاری بینکاری اور کیش مینجمنٹ سلوشنز سمیت اسٹریٹجک ترقی میں سرمایہ کاری جاری رکھے ہوئے ہے۔

پاکستان کے اسلامی بینکاری کے شعبے میں ایک رہنما کی حیثیت سے بینک اسلامی اپنے بڑھتے ہوئے اقدامات کے ذریعے اخلاقی، ڈیجیٹل طور پر بااختیار اور صارفین پر مرکوز مالیاتی خدمات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔

متعلقہ عنوان :