صومالیہ کے سرکاری وفد کا نادرا ہیڈکوارٹرز کا دورہ

وفد کو ملک میں جاری مختلف سماجی و فلاحی منصوبوں میں نادرا کے وسیع کردار و خدمات بارے آگاہ کیا گیا

بدھ 23 اپریل 2025 21:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء)وفاقی جمہوریہ صومالیہ کے سرکاری وفد نے وزارت محنت و سماجی بہبود کی پروگرام ڈائریکٹر فردوسہ احمد عبدالاہی کی سربراہی میں نادراہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وفد کو ملک میں جاری مختلف سماجی و فلاحی منصوبوں میں نادرا کے وسیع کردار اور خدمات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

وفد کو بی آئی ایس پی کیلئے قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری کے علاوہ وطن کارڈ، کووڈ ایمرجنسی کیش پروگرام اور سماجی تحفظ کی سکیموں میں نادرا کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وفد کو صحت کے مختلف پروگراموں میں نادرا کی طرف سے فراہم کی جانے والی معاونت سے بھی آگاہ کیا گیا جس میں نیشنل امیونائزیشن مینجمنٹ سسٹم کے تحت کووڈ -19، پولیو اور یرقان کے ویکسین سرٹیفکیٹس کا اجرا بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

وفد کو ملک گیر سطح پر خدمات اور معاونت کی فعال اور شفاف فراہمی کے سلسلے میں نادرا کے ڈیٹابیس اورڈیجیٹل سہولیات کی افادیت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ نادرا حکومت پاکستان کی ہدایت پر صومالیہ کے قومی شناختی نظام کو فعال کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ وفد کی قائد نے وفاقی جمہوریہ صومالیہ کی طرف سے حکومتِ پاکستان کے تعاون کا بھرپور شکریہ ادا کیا۔ صومالیہ کے وفد میں مختلف سرکاری محکموں کے سینئر افسران شامل ہیں۔ نادرا ہیڈکوارٹرز کے دورے کے دوران ورلڈ بینک سے تعلق رکھنے والے شعبہ سماجی تحفظ کے ماہر نصیر خان بھی وفد کے ہمراہ موجود تھے۔