پہلگام واقعہ بھارت کی سوچی سمجھی سازش ،نہروں کے ایشو پر پیپلز پارٹی اور(ن)لیگ کا اتحاد متاثر نہیں ہو گا،عرفان صدیقی

سیرت کا لفظ نبی کریمﷺ کی ذات کے ساتھ مخصوص ہے،لیگی رہنماکی الحمرا میں عکسی مفتی کی کتاب کی تقریب پذیرائی سے خطاب و میڈیا سے گفتگو

بدھ 23 اپریل 2025 22:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء)مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما و سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پہلگام واقعہ بھارت کی سوچی سمجھی سازش ہے ،نہروں کے ایشو پر پیپلز پارٹی اور (ن)لیگ کا اتحاد متاثر نہیں ہو گا ،پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری سوچ رکھنے والی جماعت ہے جبکہ پی ٹی آ ئی اندورنی اختلافات کا شکار ہے ، سیرت کا لفظ نبی کریمﷺ کی ذات کے ساتھ مخصوص ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں الحمرا میں عکسی مفتی کی کتاب کی تقریب پذیرائی سے خطاب و میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا ۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ پہلگام میں جو واقعہ رونما ہوا وہ بھارت کا اپنا پیدا کردہ ہے اورایک سوچی سمجھی سازش ہے،بھارت کا ٹریک ریکارڈ ہے جب بھی کوئی غیر ملکی مہمان آتا ہے تو اس طرح کے واقعات کر کے پراپیگنڈہ کرتا ہے،بھارت نے کشمیریوں کی زمینوں پر قبضہ کیا اور انہیں قتل کیا ،مقبوضہ کشمیر میں ہونے والا واقعہ فالس فلیگ ہے ،بھارت پاکستان میں دہشت گردی کرتا چلا آرہا ہے ، بھارتی جاسوس پاکستان نے پکڑے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات سے پاکستان کو کو ئی خوف نہیں، پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، کشمیر کے ساتھ پاکستانیوں کی محبت پہلے بھی تھی اور آج بھی اسی طرح ہے ، پوری پاکستانی قوم کشمیر کی اخلاقی ، سفارتی اور معاشرتی حمایت جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہر فورم پر کشمیر کی حق خود ارادیت کی حمایت کی ہے اور بہترین انداز میں کشمیر کا مقدمہ لڑا ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آ ئی اندورنی ا ختلافات کا شکار ہے ، موجودہ حکومت بانی پی ٹی آئی سے خوفزدہ نہیں ہے،پی ٹی آئی خود اپنے جال میں پھنس چکی ہے کیونکہ وہ کسی سے مذاکرات کرنے کو ہر گز تیا ر نہیں ،پی ٹی آئی کے رہنمائوں کے مقدمات ماتحت عدالتوں میں زیر سماعت ہیں جبکہ ہمارے مقدمات سپریم کورٹ میں شروع ہوتے اور یہیں ختم ہو جاتے تھے۔

کینال تنازعہ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک سنجیدہ اور جمہوری سوچ رکھنے والی جماعت ہے جس نے کبھی بھی پارلیمنٹ اور جمہور ی نظام کو نقصان پہنچانے کا نہیں سوچا ،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ذاتی مفاد کی بجائے ملکی مفاد کو مد نظر رکھا، جو سیاسی مخالفین یہ سوچ رہے ہیں کہ پی پی پی اور مسلم لیگ (ن)کے درمیان پانی کے مسئلے کی وجہ سے موجودہ جمہوری سیٹ اپ کو نقصان پہنچے گا تو یہ ان کی بھول ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نہروں اور پانی کی تقسیم کے مسائل دونوں سیاسی جماعتوں کے درمیان مل بیٹھ کر حل ہوں گے،دونوں جماعتوں نے میثاق جمہوریت کیا ہوا ہے ،نہروں کے ایشو پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا اتحاد متاثر نہیں ہو گا،تحفظات کہیں بھی ہو سکتے ہیں جو بات چیت سے حل ہوسکتے ہیں ،وہ بھی عوام کے ووٹ لے کر آتی ہے اور مسلم لیگ(ن)بھی عوامی مینڈیٹ سے اقتدار میں آ ئی ۔

عکسی مفتی کی کتاب کے حوالے سے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ پڑھنے ، لکھنے اور تحقیق سے میری پرانی وابستگی ہے ، عکسی مفتی کی کتاب’’ محمد‘‘ نے جو سوچ دی ہے وہ لوک ورثہ ہے ، کتاب پڑھنے والے کے اندر سوال پیدا کرتی ہے اورخو د ہی جواب بھی دیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریمﷺ ﷺ سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ،سیرت کا لفظ حضورﷺ ﷺ کی ذات کے ساتھ مخصوص ہے ،آپ نے اپنی 23 سالہ نبوتﷺ کی زندگی میں ایسا معاشرہ تشکیل دیا جو انسانیت سے پیار اور اس کے دکھ درد کو بانٹے کا درس دیتا ہے۔