سیکرٹری اوقاف کا دربار حضرت بابا بلھے شاہ تعمیراتی پراجیکٹ کا جائزہ

ترقیاتی منصوبہ جات کو مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے‘ڈاکٹر طاہر رضابخاری

بدھ 23 اپریل 2025 22:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء)سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہررضابخاری نے دربار حضرت بابا بلھے شاہ تعمیراتی پراجیکٹ کا جائزہ لیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری اوقاف نے کہا کہ دربار حضرت بابا بلھے شاہ ترقیاتی منصوبے کی تکمیل سے زائرین کو بہترین سہولتیں میسر ہوں گی۔ مزارات کے انفراسٹر کچر کی بہتری کے لیے حکومت اپنی ذمہ داری پوری کررہی ہے۔

دربار شریف پر لائبریری اور سیمینار ہال، بابا بلھے شاہ کے فکر و فن کی ترویج کا باعث ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انتہاپسندی کے تدارک کے لیے صوفیاکی تعلیمات سے استفادہ ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ آفیسران صوبہ بھر کے اہم مزارات پر جاری ترقیاتی منصوبہ جات کے تعمیراتی امور کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرکریں، ناقص میٹریل کے استعمال، منظور شدہ سکیم کے برعکس تعمیرات اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے دربار حضرت بابا بلھے شاہ قصور565 ملین کی ترقیاتی سکیم، جس میں مزارشریف کی اپ گریڈیشن اورتزئین وآرائش کا خصوصی ڈیزائن کے مطابق تیاری،پار کنگ، سیمینار ہال، لائبریری،سماع ایریا، ایمفی تھیٹر، ایڈمن بلاک، واش رومز، لیویٹری بلاک، لنگر خانہ، کچن سمیت دیگر ضروریات اور لوازمات بطور خاص شامل ہیں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے احکامات دیے۔

اس موقع پرڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن اوقاف محمد شاکر،ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف رفیق نور وٹو،اسسٹنٹ کمشنر قصور اسفندیار،جی یم نیسپاک عاد ل نذیر،زونل ایڈ منسٹریٹر اوقاف اشفاق ڈیال،ایکسیئن بلڈنگز قصور غلام عباس میتلا، منیجر سیف سٹی اتھارٹی محمد احسان، ایس ڈی او اوقاف را محمد عمران اور منیجر اوقاف غلام الرسول سمیت دیگرافسران بھی موجود تھے۔

سیکرٹری اوقاف نے مزید کہا کہ ویلفیئر سٹیٹ کی تشکیل کے لیے صوفیا کے نظام فکر و عمل ہی سے راہنمائی ممکن ہے۔ عام آدمی کی فکری اور معاشرتی کفالت اور راہنمائی کے لیے خانقاہ کے تاریخ ساز کردار کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ خانقاہوں کی اہمیت ہر دور میں مسلمہ اور معتبر رہی ہے۔ جدید دور کے تقاضوں سے عہدہ بر ہونے کے لیے ضروری ہے کہ ہم خانقاہ کو، ان کے طرزِ تعمیر اور زائرین کی گنجائش کو پیش ِ نظر رکھتے ہوئے خوبصورت دلاویز اور آسودہ بنائیں، تاکہ آنے والا ہرزائر خوشگوار احساس اور روحانی آسودگی سے ہمکنار ہو۔

متعلقہ عنوان :