لاہور میں مہنگائی کے خلاف اقدامات، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم

جمعرات 24 اپریل 2025 12:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی زیر نگرانی ضلعی انتظامیہ مہنگائی پر قابو پانے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے متحرک ہے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انتظامیہ کی کارروائیوں کے نتیجے میں گراں فروشی پر دو مقدمات درج کیے گئے جبکہ متعدد دکانداروں کو وارننگز جاری کی گئیں۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق سبزیوں میں آلو، پیاز، ٹماٹر، کریلا، گوبھی اور پالک کے نرخ مستحکم ہیں، جب کہ پھلوں میں سیب، کیلا، امرود، انار، کینو اور کھجور کی قیمتیں بھی کنٹرول میں ہیں۔ڈپٹی کمشنر سید موسی رضا نے کہا ہے کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے اور اشیائے خور و نوش کی طلب و رسد کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری نرخ ناموں پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا اور ناجائز منافع خوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ڈی سی لاہور کا کہنا تھا کہ تمام مارکیٹوں میں نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ عوام کو کسی قسم کے استحصال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔