Live Updates

-آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی ایسوسی ایشن اور سیمنٹ کمپنیوں کو 6.35 ارب روپے جرمانے کی سزا ختم کرنے کی استدعا

کمیشن نے 2009 میں سیمنٹ کمپنیوں پر بھاری جرمانہ عائد کیا حالانکہ اس وقت کمپنیوں کو خسارے کا سامنا تھا،وکیل کے دلائل

جمعرات 24 اپریل 2025 18:25

ٓاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2025ء)آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے مسابقتی کمیشن کی جانب سے ایسوسی ایشن اور سیمنٹ کمپنیوں کے خلاف مبینہ پرائس فکسنگ اور ملی بھگت کے کیس میں عائد کردہ 6.35 ارب روپے جرمانے کی سزا ختم کرنے کی استدعا کی ہے۔ کمپٹیشن اپیلٹ ٹربیونل میں جمعرات کو سیمنٹ کارٹلز کیس کی تفصیلی سماعت ہوئی، جس میں آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وکیل راشد انور نے اپنے دلائل پیش کرتے ہوئے کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عائد کردہ پرائس فکسنگ اور ملی بھگت کے الزامات کی تردید کی۔

وکیل راشد انور نے مؤقف اختیار کیا کہ سیمنٹ سیکٹر میں موجود کمپنیوں میں مقابلے کا رجحان پایا جاتا ہے اور سیمنٹ کی قیمتیں بھی ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے سیمنٹ کمپنیوں کے خلاف کمپٹیشن کمیشن کے فیصلے کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمیشن کی جانب سے 2009 میں سیمنٹ کمپنیوں پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا حالانکہ اس وقت ان کمپنیوں کو خسارے کا سامنا تھا۔

اے پی سی ایم اے کے وکیل راشد انور نے دلائل پیش کیے کہ کمپٹیشن کمیشن کی جانب سے سیمنٹ کمپنیوں کا درست جغرافیائی تجزیہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سیمنٹ کمپنیوں کے مابین کوٹہ کی تقسیم کا معاہدہ 2003 میں 2 سال کے لیے طے پایا تھا، جس وقت کمیشن کا فیصلہ آیا اس وقت یہ معاہدہ ختم ہوچکا تھا۔ وکیل راشد انور نے ٹربیونل کو بتایا کہ کمپٹیشن کمیشن کے پاس سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور سیمنٹ کمپنیوں کے دفاتر پر چھاپوں کی معقول وجوہات نہیں تھیں۔

انہوں نے ٹربیونل سے کمپٹیشن کمیشن کی جانب سے ایسوسی ایشن اور سیمنٹ کمپنیوں پر عائد کردہ جرمانے کے فیصلے کو ختم کرنے کی استدعا کی۔ٹربیونل نے وکیل راشد انور کے دلائل مکمل ہونے پر کیس کی سماعت 22 مئی تک ملتوی کردی۔ آئندہ سماعت پر دیگر سیمنٹ کمپنیوں کے وکلا سابق اٹارنی جنرل خالد جاوید خان، یوسف کھوسہ اور شہباز کھوسہ ٹربیونل کے سامنے اپنے دلائل پیش کریں گے۔

سیمنٹ کمپنیوں کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد کمپٹیشن کمیشن کے نمائندہ وکلا اپنے دلائل پیش کریں گے۔واضح رہے کہ کمپٹیشن کمیشن کو 2009 میں آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ذریعے سیمنٹ کی قیمتوں کے تعین (پرائس فکسنگ) سے متعلق مبینہ معاہدوں اور ملی بھگت کے شواہد ملے تھے۔ کمیشن نے مکمل تحقیقات کے بعد 20 سیمنٹ مینوفیکچرر کمپنیوں اور مینوفیکچررز ایسوسی ایشن پر مبینہ پرائس فکسنگ اور تجارتی گٹھ جوڑ ثابت ہونے پر مجموعی طور پر 6 ارب 35 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا تھا۔۔۔۔ اعجاز خان
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات