Live Updates

عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر دائر توہین عدالت کی درخواست کون سنے گا؟ تاحال فیصلہ نہیں ہوسکا

جسٹس انعام امین منہاس نے گزشتہ روز فائل واپس بھجوا دی تھی ، پی ٹی آئی قیادت جیل ملاقات کا کیس مقرر کروانے کیلئے عدالت میں موجود ہے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 25 اپریل 2025 14:25

عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر دائر توہین عدالت کی درخواست کون سنے گا؟ ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اپریل 2025)بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر دائر کی گئی توہین عدالت کی درخواست کون سنے گا؟ اس حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا،بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان، بیرسٹر گوہر،عمر ایوب سمیت دیگر اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے،جہاں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل میں ملاقات سے متعلق توہین عدالت کی درخواست کون سنے گا؟ اس سلسلے میں تاحال فیصلہ نہیں ہو سکا، جسٹس انعام امین منہاس نے گزشتہ روز فائل واپس بھجوا دی تھی ۔بتایا گیا ہے کہ فائل واپس بھجوائے جانے کے بعد فائل رجسٹرار آفس کی مختلف برانچز میں گھوم رہی ہے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی قیادت جیل ملاقات کا کیس مقرر کروانے کیلئے عدالت میں موجود ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروانے پر دائر توہین عدالت کیس اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کیاگیاتھا۔بتایاگیا تھا کہ عمر ایوب، شبلی فراز کی توہین عدالت کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کی گئیں تھیں۔بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کی بھی توہین عدالت درخواست سماعت کیلئے مقرر کی گئی تھی۔بتایا گیا تھا کہ جسٹس راجہ انعام امین منہاس توہین عدالت درخواستوں پر سماعت کرینگے۔

رجسٹرار آفس نے کل کی سماعت کی کازلسٹ جاری کردی تھی۔عدالتی حکم کے باوجود جیل ملاقات نہ ہونے پر پی ٹی آئی رہنماوں نے توہین عدالت درخواستیں دائر کی تھیں۔قبل ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی عمران خان سے جیل ملاقات نہ کرانے پر دائر توہین عدالت کی درخواست خارج کر دی تھی۔عدالت نے توہین عدالت کی درخواست عدم پیروی پر خارج کی تھی۔جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے صوبائی وزیر خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی درخواست پر سماعت کی تھی۔ دوران سماعت درخواست گزار کی جانب سے عدالت میں کوئی بھی پیش نہیں ہواتھا۔بعدازاں عالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کے خلاف دائر کی گئی توہین عدالت کی درخواست عدم پیروی پر خارج کر دی تھی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات