Live Updates

انٹیلی جنس ناکامی چھپانے کیلئے مکار دشمن سے کوئی بھی حرکت بعید نہیں، وزیرداخلہ

محسن نقوی کا ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ڈیفنس کا دورہ، پاک بھارت کشیدہ صورتحال کے تناظرمیں سول ڈیفنس کو ہر لحاظ سے فعال کرنے کا اعلان کردیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 26 اپریل 2025 12:54

انٹیلی جنس ناکامی  چھپانے کیلئے مکار دشمن سے کوئی بھی حرکت بعید نہیں، ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اپریل 2025ء ) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس ناکامی کوچھپانے کے لیے مکار دشمن سے کوئی بھی حرکت بعید نہیں، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں سول ڈیفنس تیار ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ڈیفنس کا دورہ کیا جہاں وزیرداخلہ نے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کیلئے پیشگی انتظامات کا جائزہ لیا، وزیرداخلہ نے ڈائریکٹوریٹ جنرل سول ڈیفنس کا معائنہ کیا اور عملے سے ملاقات کی، انچارج سول ڈیفنس عامر خان نےادارے سے متعلق وزیر داخلہ محسن نقوی کو بریفنگ دی، اس موقع پر وفاقی وزیر نے کشیدہ صورتحال کے تناظرمیں سول ڈیفنس کو ہر لحاظ سے فعال کرنے کا اعلان کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ سول ڈیفنس ادارے کی استعداد کاربڑھائی جائے گی، کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام تیاریاں مکمل رکھی جائیں، ہنگامی حالات سے نمٹنے کے سلسلے میں شہریوں کیلئے آگاہی مہم پورا سال چلنی چاہیئے، امن کے ساتھ جنگ کے دوران سول ڈیفنس کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعےکی صورت میں سول ڈیفنس تیار ہے کیوں کہ انٹیلی جنس ناکامی کو چھپانے کیلئے مکار دشمن سے کوئی بھی حرکت بعید نہیں، اس لیے سینٹرل ڈیسک کے ذریعے صوبائی سول ڈیفنس محکموں سے رابطہ اور تعاون یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی وافر مقدار ذخیرہ کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے، آئل مارکیٹنگ کمپنی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی وافر مقدار ذخیرہ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، ان احکامات کے تحت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور آئل ریفائنری کو ڈیزل اور جیٹ فیول کی زیادہ سے زیادہ دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ ملک میں جیٹ فیول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل سمیت دیگر پٹرولیم مصنوعات موجود ہیں، تاہم پی ایس او سمیت دیگر امپورٹ کرنے والی کمپنیوں کو بھی آئل بروقت درآمد کرنے کی ہدایت دی گئی ہیں، ڈی جی آئل نے پی ایس او اور آئل مارکیٹینگ کمپنیوں کو ہدایت جاری کردی ہیں جب کہ ڈی جی آئل کی طرف سے ہدایت ملنے کے بعد ایمرجنسی میں حالات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرلیے گئے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات