Live Updates

صوبائی حکومت نے ایئر پنجاب پراجیکٹ اور بلٹ ٹرین چلانے کی منظوری دیدی

وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کے مزید 6 روٹس پر ہائی سپیڈ ٹرین کے لیے بھی پلان طلب کرلیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 26 اپریل 2025 14:50

صوبائی حکومت نے ایئر پنجاب پراجیکٹ اور بلٹ ٹرین چلانے کی منظوری دیدی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اپریل 2025ء ) پنجاب کی صوبائی حکومت نے صوبے کی اپنی فضائی کمپنی ایئر پنجاب پراجیکٹ اور بلٹ ٹرین چلانے کی کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا، جس میں پہلی صوبائی فضائی کمپنی ایئر پنجاب کا پراجیکٹ پیش کیا گیا، ایئر پنجاب کے لیے فوری طور پر 4 ایئر بس طیارے لیز پر لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ایئر پنجاب کو ملک کی بہترین ایئرلائن بنانے کے لیے انتظامات کی ہدایت کی۔

بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں لاہور یلو لائن اور ماس ٹرانزٹ لائن گوجرانوالہ پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر جناح ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ تا ہربنس پورہ یلو لائن پراجیکٹ سٹڈی 30 مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی، گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ لائن کی پراجیکٹ سٹڈی کے لیے 15جون کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے، اجلاس میں ای ٹیکسی پراجیکٹ کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ اجلاس میں لاہور اور راولپنڈی کے درمیان بلٹ ٹرین پراجیکٹ کی اصولی منظوری بھی دے دی گئی، پاکستان ریلوے کے اشتراک سے تیز ترین بلٹ ٹرین چلانے کے لیے مختلف آپشنز کا جائزہ لیا گیا، وزیرِاعلیٰ مریم نواز نے سینئر وزیر مریم اورنگزیب کو پاکستان ریلوے سے اشتراک کا ٹاسک دیا، بلٹ ٹرین پراجیکٹ کے لیے پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے آپشن پر بھی غور کیا گیا، اس کے علاوہ مریم نواز نے پنجاب کے مزید 6 روٹس پر ہائی اسپیڈ ٹرین کے لیے بھی پلان طلب کرلیا۔

بتایا جارہا ہے کہ لاہور سے شاہدرہ اور نارووال تک ہائی سپیڈ ٹرین چلائی جائے گی، لاہور سے رائیونڈ، قصور، پاکپتن سے لودھراں تک بھی ممکنہ طور پر ہائی سپیڈ ٹرین چلے گی، شیخوپورہ، جڑانوالہ سے شور کوٹ تک ہائی سپیڈ ٹرین کا روٹ ہوگا، ہائی سپیڈ ٹرین شور کوٹ سے جھنگ اور جھنگ سے سرگودھا تک بھی چلائی جائے گی، لالہ موسیٰ سے سرگودھا براستہ ملکوال ہائی سپیڈ ٹرین چلانے کا بھی منصوبہ ہے، فیصل آباد سے چک جھمرہ اور شاہین آباد تک ہائی سپیڈ ٹرین کا روٹ ہوگا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات