Live Updates

پی ایس ایل ، محمد عامر ڈیوڈ وارنر کے لیے ڈرائونا خواب بن گئے

سابق پاکستانی پیسر اب تک 4 مرتبہ بیٹر کو پوویلین بھیج چکے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 26 اپریل 2025 15:31

پی ایس ایل ، محمد عامر ڈیوڈ وارنر کے لیے ڈرائونا خواب بن گئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 اپریل 2025ء ) اپنی جارحانہ بیٹنگ کے لیے دنیا بھر میں پہچانے جانے والے سابق آسٹریلین بیٹر اور کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر پاکستان کے سابق فاسٹ باولر محمد عامر کے سامنے بھیگی بلی بن گئے۔
38 سالہ ڈیوڈ وارنر نے اپنی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت گزشتہ 16 سال سے دنیائے کرکٹ پر اپنی دھاک بٹھائے رکھی ہے تاہم محمد عامر کے سامنے آج تک ان کی ایک نہیں چلی ہے۔

ٹی ٹونٹی کرکٹ میں ڈیوڈ وارنر کا محمد عامر سے مجموعی طور پر 10 اننگز میں سامنا ہوا ہے جہاں کراچی کنگز کے کپتان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ باولر کیخلاف 49 گیندوں پر 49 رنز سکور کیے ہیں جب کہ عامر نے اب تک 4 مرتبہ انہیں پوویلین واپس بھیجا ہے، سابق پاکستانی پیسر کے خلاف ان کا سٹرائیک ریٹ 100 اور اوسط محض 12.25 ہے۔

(جاری ہے)

 

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 رنز سے شکست دے دی۔

 
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے ایونٹ کے 15 ویں میچ میں 143 رنز کے تعاقب میں کراچی کنگز مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنا سکی۔ 
کنگز کی جانب سے ٹِم سائفرٹ 47 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جیمز ونس30، عمیر بن یوسف 11، شان مسعود 9، کپتان ڈیوڈ وارنر 4، محمد نبی 4، خوشدل شاہ 0 اور عباس آفریدی 0 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ حسن علی 24 اور میر حمزہ 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

 
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد وسیم، محمد عامر اور خرم شہزاد نے 2، 2 جبکہ ابرار احمد اور سعود شکیل نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
اس سے قبل کراچی کنگز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 19.3 اوورز میں 142 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ 
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے فہیم اشرف 43 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کوشل مینڈس 36، حسن نواز 35، رائلی روسو 10، کپتان سعود شکیل 6، مارک چیپمن 4،خرم شہزاد 1، محمد وسیم 1 جبکہ فن ایلن اور محمد عامر بغیر کھاتا کھولے پویلین لوٹے۔ ابرار احمد 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ 
کنگز کی جانب سے حسن علی نے 3، میر حمزہ اور عباس آفریدی نے 2، 2 اور محمد نبی اور فواد علی نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات