Live Updates

بھارت نے بغیر بتائے دریائے جہلم میں پانی چھوڑ دیا، شدید طغیانی کے باعث عوام میں خوف و ہراس

مظفرآباد میں آبی ایمرجنسی نافذ کردی گئی، دریا کنارے آباد بستیوں میں مساجد سے اعلانات بھی شروع کردیئے گئے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 26 اپریل 2025 15:31

بھارت نے بغیر بتائے دریائے جہلم میں پانی چھوڑ دیا، شدید طغیانی کے باعث ..
مظفرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اپریل 2025ء ) بھارت نے بغیر اطلاع دیئے مظفرآباد کے علاقے ہٹیاں بالا میں دریائے جہلم میں پانی چھوڑ دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ سے شروع ہو کر اڑی سے ہوتے ہوئے چکوٹھی میں داخل ہونے والے دریائے جہلم میں اچانک شدید طغیانی آگئی اور دریا میں پانی کی سطح بلنند ہوگئی، جس سے مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، دریا میں پانی کی اچانک سطح بلند ہونے کے بعد اس کے کنارے بسنے والے لوگوں میں افراتفری جیسی صورتحال ہے، دریا کے کنارے آباد بستیوں میں مساجد کے ذریعے اعلانات شروع کر دیئے گئے۔

ڈائریکٹر آپریشن اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) نے بتایا کہ ’پانی کے اضافی اخراج سے متعلق ہمیں کوئی اطلاع نہیں دی گئی، منگلا ڈیم تک پانی پہنچنے میں وقت لگے گا، ڈاؤن سٹریم پر حفاظتی اقدامات اٹھا لئے گئے ہیں‘، جب کہ صورتحال کے باعث مظفرآباد انتظامیہ نے آبی ایمرجنسی نافذ کردی، تاہم ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مدثر فاروق کا کہنا ہے کہ ’دریا جہلم میں نچلے درجے کی طغیانی ہے، جس میں سے 22 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے‘۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی وادی پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت نے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے سمیت دیگر کئی اعلانات کیے ہیں، سندھ طاس معاہدہ بھارت اور پاکستان کے درمیان واحد معاہدہ ہے جو 3 بڑی جنگوں، جموں و کشمیر اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف اوقات میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے باوجود قائم رہا، اس معاہدے کو دنیا بھر میں سرحد پار آبی تنازع کے کامیاب حل کی روشن مثال کے طور پر جانا جاتا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کا پانی روکا گیا تو پوری قوت سے جواب دیں گے، پانی ہماری لائف لائن ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، کسی کو بھی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیئے، پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، 25 کروڑ پاکستانی عوام متحد اور اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھرے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کو ہمیشہ اور ہر شکل میں مسترد کیا اور اس کی مذمت کی ہے، پاکستان دنیا میں دہشتگردی سے متاثرہ سب سے بڑا متاثرہ ملک ہے، ہمارے 90 ہزار شہری دہشتگردی میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، پاکستان کی معیشت نے اربوں ڈالر کا نقصان اٹھایا ہے، دنیا میں دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک پاکستان ہے، امن ہماری خواہش ہے لیکن اسے کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیرمستقل رکن کی حیثیت سے دنیا بھر میں امن و سلامتی کا خواہاں ہے اور اس کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا، یو این چارٹر پر عمل کرنے کی اپنی ذمہ داری نبھاتا رہے گا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات