Live Updates

پانی بند کرنے کی غلطی کی تو بھارت میں گھس کر دارالعلوم دیوبند میں ناشتہ کریں گے، رہنماء جے یو آئی ف

ہم ایک قطرہ پانی اپنے بھائیوں پنجاب اور بلوچستان کو دینے کے لیے تیار نہیں تو بھارت کو کیسے دیں گے؟ ہم اپنے پانی کے لیے لڑسکتے ہیں اور بھارت کا جینا دوبھر کردیں گے؛ علامہ راشد محمود سومرو کا خطاب

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 26 اپریل 2025 15:56

پانی بند کرنے کی غلطی کی تو بھارت میں گھس کر دارالعلوم دیوبند میں ناشتہ ..
گھوٹکی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اپریل 2025ء ) جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما، علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ اگر بھارت کی جانب سے پانی بند کرنے کی غلطی کی تو ہم بھارت میں گھس کر دارالعلوم دیوبند میں ناشتہ کریں گے۔ گھوٹکی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا بھارت نے دھمکی دی ہے کہ وہ سندھ طاس معاہدہ ختم کرکے پاکستان کا پانی بند کردے گا، بھارت اگر پانی بند کرنے کی کوشش کرے تو ہم دیکھیں گے کہ وہ کیا کرتا ہے اور وہ ہمیشہ یہ بات یاد رکھے گا۔

راشد محمود سومرو کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا اگر پاکستان کے لیے لڑنا پڑا تو وہ پاک فوج کے شانہ بشانہ ہوں گے، ہم بھارت میں گھس کر دارالعلوم دیوبند میں اپنے مسلم بھائیوں کے ساتھ ناشتہ کریں گے، ہم ایک قطرہ پانی اپنے بھائیوں پنجاب اور بلوچستان کو دینے کے لیے تیار نہیں تو بھارت کو کیسے دیں گے؟ ہم اپنے پانی کے لیے لڑ سکتے ہیں اور بھارت کا جینا دوبھر کر دیں گے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کا پانی روکا گیا تو پوری قوت سے جواب دیں گے، پانی ہماری لائف لائن ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، کسی کو بھی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیئے، پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، 25 کروڑ پاکستانی عوام متحد اور اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھرے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کو ہمیشہ اور ہر شکل میں مسترد کیا اور اس کی مذمت کی ہے، پاکستان دنیا میں دہشتگردی سے متاثرہ سب سے بڑا متاثرہ ملک ہے، ہمارے 90 ہزار شہری دہشتگردی میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، پاکستان کی معیشت نے اربوں ڈالر کا نقصان اٹھایا ہے، دنیا میں دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک پاکستان ہے، امن ہماری خواہش ہے لیکن اسے کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیرمستقل رکن کی حیثیت سے دنیا بھر میں امن و سلامتی کا خواہاں ہے اور اس کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا، یو این چارٹر پر عمل کرنے کی اپنی ذمہ داری نبھاتا رہے گا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات