ایران، شہر بندر عباس میں پورٹ پر زور دار دھماکہ ،281 افراد زخمی

ہلاکتوں کی وجوہات یا ممکنہ ہلاکتوں کے بارے میں کوئی سرکاری تفصیلات فوری طور پر دستیاب نہیں ہوئی ہیں،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے فوری طور پر دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 26 اپریل 2025 16:07

ایران،  شہر بندر عباس میں پورٹ پر زور دار دھماکہ ،281 افراد زخمی
تہران(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اپریل 2025)ایران کے دارالحکومت تہران سے ایک ہزار کلومیٹر جنوب میں واقع بندرگاہ کے حامل شہر بندر عباس میں زوردار دھماکے اور آگ لگنے کے نتیجے میں 281 افراد زخمی ہو گئے،ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ راجئی پورٹ پر عمارت میں ہوا ہے،ہلاکتوں کی وجوہات یا ممکنہ ہلاکتوں کے بارے میں کوئی سرکاری تفصیلات فوری طور پر دستیاب نہیں ہوئی ہیں،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے فوری طور پر دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی،دھماکے کی وجوہات کے بارے میں متضاد اطلاعات ہیں اور ابھی تک اس کی کوئی سرکاری تصدیق جاری نہیں کی گئی ہے۔

فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایران کی کسٹم اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ ہفتے کے روز ہونے والا دھماکا سینا کنٹینر یارڈ میں ہوا، جو پورٹس اینڈ میری ٹائم آرگنائزیشن سے وابستہ ہے۔ایرانی ایمرجنسی سروس کے مطابق دھماکے میں 281 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے سے درجنوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے اور آس پاس کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔دوسری جانب ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ بندر عباس بندرگاہ پر کنٹینر پھٹنے کی وجہ سے دھماکا ہوا۔ہرموزگان کے کرائسز مینجمنٹ چیف مہرداد حسن زادہ نے کہا کہ یہ دھماکا بندرگاہ کے صحن میں ذخیرہ کیے گئے کئی کنٹینرز کے پھٹنے سے ہوا انہوں نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ زخمیوں کو باہر نکالا جا رہا ہے۔

صوبہ ہرمزگان کی کرائسس مینجمنٹ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر مہرداد حسن زادہ نے سرکاری ٹیلی ویڑن کو بتایا کہ زخمیوں کو طبی مراکز میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی حکام نے اس سے قبل جائے وقوعہ کا دورہ کیا تھا اور حفاظتی وارننگ جاری کی تھی۔اس سے قبل ہرمزگان پورٹس اینڈ میری ٹائم ایڈمنسٹریشن کے عہدیدار اسماعیل مالکی زادہ نے کہا تھا کہ دھماکا شاہد راجی بندرگاہ کے قریب ہوا۔سوشل میڈیا پر ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ دھماکے کے مقام سے کالے دھوئیں کا ایک بہت بڑا غبار اور آگ کا ایک گولہ اٹھ رہا ہے۔