Live Updates

پاکستان واپسی کی منتظر 60 شادی شدہ خواتین اور ان کے بچوں کو بھارت میں روک لیا گیا

انڈین شہری خواتین کی شادیاں پاکستانی شہریوں سے ہوئیں، اپنے خاندان اور رشتہ داروں سے ملنے بھارت گئی ہوئی تھیں

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 26 اپریل 2025 16:31

پاکستان واپسی کی منتظر 60 شادی شدہ خواتین اور ان کے بچوں کو بھارت میں ..
اسلام آباد/نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اپریل 2025ء ) پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے باعث پاکستان واپسی کی منتظر 60 شادی شدہ خواتین اور ان کے بچوں کو انڈیا میں ہی روک لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستان واپس آنے والی 60 خواتین کو ملک چھوڑنے سے روک دیا گیا ہے، بھارتی خواتین کے ساتھ ساتھ ان کے بچوں کو بھی پاکستان واپسی سے روک دیا گیا ہے، بھارت کی طرف سے روکے جانے والی ان 60 خواتین کی شادیاں پاکستانی شہریوں سے ہوئی ہیں، ان خواتین کے پاس پاکستان کے طویل المدتی ویزے موجود ہیں۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بھارتی خواتین اپنے اہل خانہ عزیز و اقارب سے ملنے بھارت گئی ہوئی تھیں جہاں سے واپسی پر ان خواتین کو بھارتی شہر امرتسر کی انتظامیہ نے پاکستان واپسی سے روک دیا ہے، جس کے بعد سے پاکستان واپس آنے کی خواہشمند بھارتی خواتین گزشتہ 2 روز سے امرتسر میں ہی پھنسی ہوئی ہیں، ان کو امرتسر سے کہیں اور جانے کی اجازت بھی نہیں دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت نے ایک دوسرے کے شہریوں کے سارک ویزہ استثنیٰ کے تحت جاری کیے گئے ویزے منسوخ کردیئے تھے، پاکستان نے بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا، اسی طرح بھارت نے سارک ویزہ کے تحت استثنیٰ کے حامل پاکستان شہریوں کو 48 گھنٹوں تک ملک چھوڑنے کا کہا، جس کے بعد سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 288 بھارتی شہری واپس بھارت چلے گئے۔

معلوم ہوا ہے کہ پاکستان میں اپنے رشتہ داروں سے ملنے کے لیے آنے والے بھارتی شہری معمول کی چیکنگ کے بعد واپس اپنے ملک لوٹ گئے، اس دوران بھارت سے 190 پاکستانی شہری بھی وطن واپس پہنچ گئے، واہگہ بارڈر پر دیگر ٹرانزٹ اور تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل کردی گئی ہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے اٹاری بھی بارڈر بند ہوچکا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات