Live Updates

qماہرہ خان اور صبا قمر کا بھی پہلگام واقعے پر اظہار افسوس

ہفتہ 26 اپریل 2025 18:20

#لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2025ء) ماضی میں بولی وڈ فلموں میں کام کرنے والی پاکستانی اداکاراوں ماہرہ خان اور صبا قمر نے بھی مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے واقعے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ماہرہ خان اور صبا قمر سے قبل فواد خان، ہانیہ عامر، ماورا حسین، فرحان سعید اور دیگر شوبز شخصیات نے بھی واقعے پر اظہار افسوس کیا تھا۔

ماہرہ خان نے پہلگام واقعے کو بزدلانہ حملہ قرار دیا جب کہ صبا قمر نے واقعے کو دل خراش قرار دیتے ہوئے انسانی جانوں کے نقصان پر بھی اظہار افسوس کیا۔ماہرہ خان نے انسٹاگرام اسٹوری میں پہلگام واقعے پر اظہار افسوس کیا اور ساتھ ہی ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی بھی کی۔اداکارہ نے لکھا کہ تشدد کسی بھی صورت میں، دنیا کے کسی بھی کونے میں ہو، وہ بزدلانہ عمل ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

ماہرہ خان نے لکھا کہ ان کی ہمدردیاں پہلگام واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ان کی طرح صبا قمر نے بھی انسٹاگرام اسٹوری میں واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لکھا کہ دنیا کے تمام انسانوں کی زندگیاں قیمتی ہوتی ہیں۔اداکارہ نے لکھا کہ انسانوں کے ہلاک ہونے کا معاملہ درد اور احساس کا ہوتا ہے جو کہ سرحدوں اور قوم کے تعلق سے آزاد ہوتا ہے۔

صبا قمر نے لکھا کہ مشکل کے اس وقت میں ہمیں ایک دوسرے پر الزامات لگانے کے بجائے حقائق کو سمجھ کر آگے بڑھنا چاہیے، ایک دوسرے کا درد بانٹنا چاہیے۔اداکارہ نے لکھا کہ امن کی پرچار کرنا، ایک دوسرے کے درد کو محسوس کرنا ہے امن کے قیام اور آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں 22 اپریل کو دہشت گردوں کے حملے میں 26 افراد ہلاک ہوگئے تھے، جس کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بھی بڑھ گئی اور دونوں ممالک نے واہگہ بارڈر بند کرنے کے علاوہ ایک دوسرے کے ملک میں سفارتی عملہ بھی کم کردیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات