Live Updates

حکومت آج کی ہڑتال سے سبق سیکھے، حکمرانوں کے اقدامات درست سمت میں ہونے چاہئیں

پہلگام واقعہ پر دفترخارجہ کا ردعمل تاخیر سے آیا جس کا فائدہ نئی دہلی کو ہوا، فوج تیار رہے ہم ایک نیوکلیئر ریاست ہیں، ہم تصادم نہیں چاہتے تاہم بھارتی جارحیت کا پوری قوت سے جواب دیں گے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 26 اپریل 2025 19:37

حکومت آج کی ہڑتال سے سبق سیکھے، حکمرانوں کے اقدامات درست سمت میں ہونے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اپریل 2025ء) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ہفتہ کی کامیاب ہڑتال نے ثابت کر دیا پوری قوم اسرائیل اور بھارت کے خلاف ہے۔ حکومت ہڑتال سے سبق سیکھے، قوم میں یکجہتی اور اعتماد پیدا کرنے کی کوشش کرے، حکمرانوں کے اقدامات درست سمت میں ہونے چاہییں، بھارت کی آبی جارحیت اور دیگر اشتعال انگیز اقدامات کے خلاف سیاسی سٹیک ہولڈرز کا اجلاس بلایا جائے۔

پہلگام واقعہ پر دفترخارجہ کا ردعمل دیر سے آیا جس کا فائدہ نئی دہلی کوہوا۔ ہم تصادم نہیں چاہتے تاہم کسی بھی جارحیت کا پوری قوت سے جواب دیا جائے گا۔ فوج تیار رہے، ہم ایک نیوکلیئر ریاست ہے۔ پاکستان کو کشمیریوں کا مقدمہ بھرپور طریقے سے لڑنا چاہیے، اس کے لیے تمام ڈپلومیٹک چینلز استعمال کیے جائیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، سیکرٹری اطلاعات شکیل ترابی اور ڈائریکٹر سوشل میڈیا سلمان شیخ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
امیر جماعت نے کہا کہ  اہل فلسطین کے حق میں عوامی موبلائزیشن جاری رہے گی، 16مئی کو ایبٹ آباد اور 18مالاکنڈ میں غزہ ملین مارچ کریں گے۔ اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے تمام بڑے چھوٹے بڑے شہروں میں مکمل شٹرڈاؤن تھا۔

جماعت اسلامی نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ہڑتال کی اپیل نہیں کی تھی اس کے باوجود وہاں کے عوام نے بھی کاروبار بند رکھے۔ تاجروں، صنعت اور کاروباری حضرات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انھوں نے محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ ملکی سلامتی کو ناقابل تسخیر بنانے میں ان کا کردار ناقابل فراموش ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عزت و وقار کے ساتھ زندہ رہنے میں ہی دنیا اور آخرت کی کامیابی ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے ہاں حکومتی اور اپوزیشن پارٹیاں امریکا کی جانب للچائی ہوئی نظروں سے دیکھتی ہیں، ان کی خواہش ہے کہ ٹرمپ ان کے سر پہ ہاتھ رکھے دے تو بات بن جائے گی، انھیں واشنگٹن سے ڈرنے کی بجائے اللہ پر بھروسہ رکھنا چاہیے۔ امریکا اسرائیلی مظالم کی مکمل پشت پناہی کر رہا ہے، اسرائیل اور بھارت کرائم پارٹنرز ہیں، تینوں کا انسانیت دشمن شیطانی اتحاد ہے۔

بھارت مقبوضہ وادی میں وہی کرنا چاہتا ہے جو صہیونی افواج غزہ میں کر رہی ہیں۔ ڈیڑھ برس سے فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے جسے امریکا اور چند دیگر ممالک کی مکمل سپورٹ حاصل ہے۔ بھارتی افواج اسرائیلیوں کے ساتھ مل کر لڑ رہی ہیں۔ دنیا کے تمام باضمیر انسان اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔ پاکستان میں 25کروڑ عوام نے ہڑتال کر کے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا، پورا بلوچستان بند تھا، صوبے کے عوام نے ثابت کیا کہ وہ قومی دھارے کا حصہ اور اسرائیلی اور بھارتی عزائم کے خلاف ہیں، یہ پاکستان کے لیے نیک شگون ہے۔

حکومت کو اس صورت حال میں مکمل ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، عوام پر ظلم بند کیا جائے، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مسائل حل کیے جائیں، قوم کو انصاف ملنا چاہیے۔ تمام سیاسی پارٹیوں کے ورکزز اور تاجر تنظیموں کو بھارت اور اسرائیل کے خلاف متحد ہو کر ہڑتال کرنے پر مبارک باد دیتے ہیں۔ جماعت اسلامی اس ہڑتال کا کریڈٹ نہیں لینا چاہتی، یہ پوری قوم کی جانب سے یکجہتی کا مظاہرہ تھا۔

امیرجماعت نے کہا کہ بھارت نے پہلگام میں ڈرامہ رچایا، یہ اس کا طریقہ واردات ہے، امریکی نائب صدر کے دورے کے موقع پر فالس فلیگ آپریشن کیا گیا۔ 1995ء میں سیاحوں کا اغوا، بل کلنٹن کے دورے کے موقع پر سکھوں کا قتل، پارلیمنٹ پر حملہ، 2008ء کا ڈرامہ، تمام کی ذمہ داری بلا سوچے سمجھے پاکستان پر ڈالی گئی، بھارتی میڈیا عوام کو ہیجانی کیفیت میں مبتلا کر دیتا ہے، بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہے۔ مقبوضہ وادی میں 10افواج ہونے کے باوجود بھی کشمیریوں کی آزادی کے لیے مزاحمت جاری ہے، کشمیری پاکستان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، ہم نے آدھا کشمیر لڑ کر حاصل کیا، بقیہ بھی اسی طرح حاصل ہو گا۔ برہمن سامراج نے ہماری شہ رگ کو دبایا ہوا ہے، کشمیریوں کی مزاحمت اپنی آزادی کے لیے ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات