Live Updates

جامعہ پشاور کے سنٹر فار ڈیزاسٹر پریپیئرڈنیس اینڈ مینجمنٹ کے ریسرچ اسکالر کا پی ایچ ڈی مقالے کا کامیابی سے دفاع

ہفتہ 26 اپریل 2025 20:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء)جامعہ پشاور کے سنٹر فار ڈیزاسٹر پریپیئرڈنیس اینڈ مینجمنٹ (CDPM) سے وابستہ پی ایچ ڈی ریسرچ اسکالر عمران خان نے اپنے تحقیقی مقالہ بعنوان ''ترقیاتی منصوبہ بندی میں قدرتی آفات کے خطرات میں کمی کا ادغام: خیبر پختونخوا کے تناظر میں آفات سے نمٹنے کے نظام کا تجزیاتی مطالعہ'' کا کامیابی سے دفاع کر لیا۔

یہ تحقیقی مقالہ ڈاکٹر امجد علی، اسسٹنٹ پروفیسر CDPM، کی نگرانی اور ڈاکٹر مشتاق احمد جان، اسسٹنٹ پروفیسر CDPM، کی مشترکہ نگرانی میں مکمل کیا گیا۔ مقالے کا جائزہ دو بین الاقوامی ماہرین نے کیا جن میں سے ایک کا تعلق برطانیہ اور ایک کا تعلق چین سے تھا۔ مقالے کی خارجی ممتحن ڈاکٹر محمد اشرف، چیئرمین شعبہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اسٹڈیز، جامعہ بلوچستان تھے جبکہ داخلی ممتحن کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر عفت تبسم، شعبہ جغرافیہ و جیو میٹکس، جامعہ پشاور نے سرانجام دیے۔

(جاری ہے)

عمران خان ایک محنتی اور باصلاحیت محقق کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے اپنی تعلیمی زندگی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیچلر اور ماسٹرز کی سطح پر گولڈ میڈلز حاصل کیے۔ ان کی یہ تحقیق نہ صرف علمی دنیا میں اہم اضافہ ہے بلکہ صوبہ خیبر پختونخوا میں آفات سے بچاؤ کی پالیسی سازی اور پائیدار ترقیاتی منصوبہ بندی میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات