شہرقائد میںگرم ومرطوب دن کی وجہ سے ہیٹ ویو سے مشابہہ صورتحال

درجہ حرارت 38.9ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ، نمی کا تناسب 43فیصد تک بڑھنے کے سبب اصل درجہ حرارت سے کئی ڈگری زیادہ گرمی محسوس کی گئی،محکمہ موسمیات

ہفتہ 26 اپریل 2025 20:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء)شہرقائد میںہفتے کو گرم ومرطوب دن کی وجہ سے ہیٹ ویو سے مشابہہ صورتحال رہی، کم سے کم پارہ 26.5ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.9ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، نمی کا تناسب 43فیصد تک بڑھنے کے سبب اصل درجہ حرارت سے کئی ڈگری زیادہ گرمی محسوس کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے تین روزکے دوران شہر کا موسم گرم ومرطوب رہنے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36سی38ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

صبح کے وقت مغربی جبکہ شام کے وقت سمندرکی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں چل سکتی ہیں، محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ہیٹ ویو الرٹ کے مطابق 30اپریل تک صوبیکے بیشتر علاقوں میں ہیٹ ویو کا سلسلہ جاری رہیگا۔دادو، قمبر شہداد کوٹ، شہید بینظیرآباد، جیکب آباد، کشمور،گھوٹکی،شکارپور، خیرپور،نوشہروفیروز، لاڑکانہ، سکھر، جامشورو میں درجہ حرارت معمول سی6 تا 8 ڈگری جبکہ حیدرآباد، بدین، تھرپارکر، عمرکوٹ اور میرپورخاص میں معمول سے 4تا 6ڈگری زیادہ ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

صوبے میں ہیٹ ویو کی پیش نظربچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے، دن کے وقت براہ راست سورج کی روشنی سے بچیں اور پانی کا استعمال کریں، کسانوں کو مشورہ دیا جاتا ہیکہ وہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی فصل کے لیے خاص انتظام رکھے جبکہ مویشیوں کا بھی خیال رکھیں، ہفتے کو سب سے زیادہ پارہ دیہی سندھ کے دادو میں 48ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

دوسری جانب ملک کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ملک کے بیشر علاقوں میں شدید گرمی نے لوگوں کو گھروں میں محدود کر دیا ہے۔ شدید گرمی کی وجہ سے برف اور ٹھنڈے مشروبات کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے کارخانوں کے مالکان نے برف کی قیمتیں بڑھا دیں۔ جھلسا دینے والی گرمی میں پیاس بجھانے کے لیے شہری روایتی مشروبات سے لطف اندوز ہوتے نظر آ رہے ہیں۔شدید گرمی کے باعث کئی شہروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹوں سے تجاوز کر گیا ہے، جس کے سبب شہری شدید مشکلات سے دو چار ہیں۔