Live Updates

تاجر برادری کا فلسطین سے یکجہتی کا عملی اظہار لائق تحسین ہے، شکیل قاسمی

کامیاب ہڑتال مظلوم فلسطینیوں سے اخوت کا اظہار ہے،شٹرڈائون ہڑتال تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی،جنرل سیکرٹری جے یوپی کراچی

ہفتہ 26 اپریل 2025 20:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء)جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے جنرل سیکریٹری ملک محمد شکیل قاسمی نے کہا ہے کہ پاکستان بھر کی تاجر برادری نے کامیاب ہڑتال کر کے مظلوم فلسطینیوں سے اپنی بے مثال محبت، ہمدردی اور اسلامی اخوت کا جو مظاہرہ کیا ہے، وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کی ہڑتال نے واضح کر دیا کہ پاکستانی قوم فلسطین کے معاملے پر کسی بھی قسم کے دبا یا مصلحت کا شکار نہیں، بلکہ پوری قوت سے اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

ملک محمد شکیل قاسمی نے کہا کہ تاجر برادری نے اپنی تجارت، کاروباری مصروفیات اور روزانہ کی آمدنی کی قربانی دے کر ایک عظیم مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ فلسطین سے ہمارا رشتہ صرف انسانی ہمدردی کا نہیں بلکہ عقیدے، ایمان اور غیرت کا ہے۔

(جاری ہے)

قبلہ اول کی حرمت ہمارے ایمان کا جزوِ لاینفک ہے، اور ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ، مغربی کنارے اور دیگر فلسطینی علاقوں میں جاری اسرائیلی مظالم، معصوم بچوں اور خواتین پر بمباری، اور مسجد اقصی کی بے حرمتی نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے، لیکن عالمی ضمیر اب بھی مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔ ایسے میں پاکستان کی تاجر برادری کی طرف سے کی گئی کامیاب ہڑتال پوری امت مسلمہ کے لیے ایک جرات مندانہ پیغام ہے۔

ملک محمد شکیل قاسمی نے کہا کہ فلسطینی عوام کے خلاف جاری ظلم ایک ایسا ناسور بن چکا ہے جس کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ عالمی اداروں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور مسلم ممالک کو چاہیے کہ وہ اب محض بیانات پر اکتفا نہ کریں بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے فلسطینی عوام کو ان کا حق دلوائیں۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے پاکستان ہر فورم پر فلسطین کے مظلوم عوام کی آواز بلند کرتی رہی ہے اور کرتی رہے گی۔

ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ فلسطین کی آزادی امت مسلمہ کی بقا کی علامت ہے۔ اگر آج فلسطین کو تنہا چھوڑ دیا گیا تو ظلم کا یہ سلسلہ دنیا بھر کے مسلمانوں تک پھیل سکتا ہے۔ملک محمد شکیل قاسمی نے تاجر برادری، علمائے کرام، طلبہ تنظیموں اور عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ فلسطین کے مظلوموں کے حق میں اپنے احتجاج اور آواز کو مزید منظم اور مثر انداز میں آگے بڑھائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں متحد ہو کر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنا ہوگا اور فلسطین کی آزادی کے لیے عملی کوششوں کو مزید تیز کرنا ہوگا۔ ملک محمد شکیل قاسمی نے اللہ رب العزت سے دعا کی کہ وہ فلسطین کے مظلوم عوام کی مدد فرمائے، ان کی قربانیوں کو شرفِ قبولیت بخشے، اور دنیا بھر میں مظلوموں کو ظالموں کے چنگل سے نجات عطا فرمائے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات