Live Updates

۵بھارت کبھی بھی پاکستان پر حملہ کرنے کا احمقانہ قدم اٹھا نہیں سکتا پوری قوم افواج پاکستان کی پشت پر کھڑی ہے

ہفتہ 26 اپریل 2025 21:55

-حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2025ء) پاکستان راہ حق پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل پروفیسر محمد اطہر اعوان نے صوبائی صدر قدرت اللہ راجپوت ایڈوکیٹ صوبائی سیکریٹری جنرل صفدر صدیقی اور لیگل ایڈوائیزر عبداسیمع فاروقی کے ہمراہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاہے کہ وطن عزیز کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ،بھارت کبھی بھی پاکستان پر حملہ کرنے کا احمقانہ قدم اٹھا نہیں سکتا پوری قوم افواج پاکستان کی پشت پر کھڑی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہماری پارٹی نظریہ پاکستان کی امین ہے ضرورت محسوس ہوئی کہ خود کو عوام کے اندر لیکر جائیں عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں سندھ کے مختلف اضلاع میں ذمہ داران سے ملاقاتیں اجتماعات کا انعقاد کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ غزہ کی صورتحال پر عالم اسلام میں تشویش پائی جاتی ہے فلسطینیوں سے یہ خطہ چھین کر اسرائیل کے حوالے کرنے کی کوشش کی جارہی ہے مسلم ممالک صورتحال کی نزاکت کو محسوس کریں امن فورس تشکیل دی جانی چائیے ۔

انہوں نے کہاکہ یہ حقیقت ہے کہ 57ممالک پر مشتمل فوج جس کے سربراہ سابق چیف آف اارمی اسٹاف جنرل (ر) راحیل شریف ہیں یہ ہمارے لئے ایک اعزاز کی بات ہے، تاہم 57مسلم ممالک پر مشتمل افواج اس طرح کام نہ کرسکی جس کی ان سے توقع کی جارہی تھی، پلیٹ فارم کو فعال کرنے میں ناکام رہے ہیں،اسی لئے امن فورس کا قیام عمل میں لانا چائیے ۔انہوں نے کہاکہ فلسطین میں تاریخ انسانی کی بدترین نسل کشی کی گئی ہے پاکستان راہ حق پارٹی فلسطین غزہ اور بیت المقدس کے مسئلے پر مفتیان کرام کے فتوئوں کی حمایت کرتی ہے اورہم فلسطین کی حمایت میں ملک بھر میں مرکزی انجمن تاجران کی کامیاب ہڑتال پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جبکہ ہم وکلا کے دھرنے کی بھی حمایت کرتے ہیں ساتھ میں یہ گزارش بھی کرتے ہیں کہ مال بردار گاڑیوں اور مسافر گاڑیوں کو راستہ دیں۔

انہوں نے کہاکہ سندھ میں کینالز کے ایشو پر تشویش ہے ہمارے یہاں ہر ایشو کو پہلے متنازعہ بنایا جاتا ہے پھر اس کا حل نکالنے کی کوشش کی جاتی ہے ایسا کیوں ہے یہ سوچنے کی بات ہے۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ پاکستان ہی مستحکم اور خوشحال پاکستان کاضامن ہے کسی کو اپنے مفاد میں قوم کو تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے پاکستان کا استحکام ہی ہر شخص کی انفرادی اور تمام شہریوں کی اجتماعی خوشحالی کا ضامن ہے ۔انہوں نے سندھ طاس معاہدہ کی یکطرفہ معطلی کو بھارت کی ہٹ دھرمی قرار دیا اور فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات