وسائل کی کمی سے یو این امدادی ادارے کئی ممالک میں مشکلات کا شکار

یو این اتوار 27 اپریل 2025 00:00

وسائل کی کمی سے یو این امدادی ادارے کئی ممالک میں مشکلات کا شکار

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 27 اپریل 2025ء) امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) اور پناہ گزینوں کے لیے ادارے (یو این ایچ سی آر) نے خبردار کیا ہے کہ امدادی وسائل کی قلت کے نتیجے میں نائجیریا، برونڈی اور کولمبیا سمیت متعدد ممالک میں ضرورت مند لوگوں کو مدد کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔

'اوچا' نے دنیا بھر میں امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں بتایا ہے کہ وسائل کی کمی کے باعث صحت و غذائیت کی فراہمی سمیت کئی طرح کی خدمات محدود کر دی گئی ہیں۔

ان حالات میں بعض امدادی ادارے اپنے عملے اور بنیادی صحت سمیت بچوں میں بڑھوتری کی کمی سے نمٹنے کی خدمات کو محدود کرنے پر مجبور ہیں۔

غذائی عدم تحفظ کا خطرہ

امدادی وسائل کی قلت کے باعث نائجیریا کی ریاستوں بورنو، اداماوا اور یوبے میں تقریباً 70 فیصد طبی خدمات متاثر ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

خشک موسم کی آمد پر ان علاقوں میں غذائی عدم تحفظ سے بچنے کے لیے عالمی برادری کو امداد میں اضافہ کرنا ہو گا۔

'اوچا' اور اس کے شراکت داروں نے رواں سال ملک میں 36 لاکھ لوگوں کے لیے 91 کروڑ ڈالر کے مالی وسائل مہیا کرنے کی اپیل کی ہے۔ تاہم، عطیہ دہندگان کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد میں حالیہ کمی کے باعث ادارے نے اپنی خدمات انتہائی بدحال لوگوں تک محدود کر دی ہیں۔

ادارے کو ملک میں ہنگامی ضروریات کے لیے 29 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے وسائل درکار ہیں لیکن تاحال 7 کروڑ ہی وصول ہو سکے ہیں جو کہ مطلوبہ وسائل کے ایک چوتھائی سے بھی کم ہے۔

خواتین اور لڑکیاں مدد سے محروم

'یو این ایچ سی آر' نے کہا ہے کہ افریقی ملک برونڈی میں امدادی وسائل کی شدید قلت کے باعث لوگوں کو تحفظ کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔

ادارہ خواتین اور لڑکیوں کو ایام ماہواری میں صحت و صفائی کی سہولیات مہیا کرنے سے قاصر ہے۔ ملک میں تقریباً 11 ہزار خواتین اور لڑکیاں ان سہولیات سے مستفید ہو رہی تھیں۔

علاوہ ازیں، بحرانوں میں خاندان سے بچھڑ جانے والوں کو اپنے اہلخانہ سے یکجا کرنے کی خدمات بھی محدود ہو چکی ہیں۔

ادارے نے کہا ہے کہ اسے ملک میں جاری بحران سے متاثرہ افراد کو مدد کی فراہمی کے لیے اسے 7 کروڑ 65 لاکھ ڈالر کی فوری ضرورت ہے۔

پناہ گزینوں کے لیے خدمات معطل

'یو این ایچ سی آر' نے بتایا ہے کہ امدادی وسائل میں کمی سے کولمبیا میں پناہ گزینوں کی زندگی بھی متاثر ہوئی ہے۔

ان حالات میں ادارے کو اپنی ضرورت خدمات معطل کرنا پڑی ہیں جس سے کئی سال کی محنت کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیاں زائل ہونے کا خدشہ ہے۔

ادارہ وینزویلا کی سرحد کے ساتھ مسلح تنازع کا شکار علاقے کیٹاٹومبو میں پناہ گزینوں کے لیے گدے، کمبل، صحت و صفائی کا سامان، شمسی لیمپ اور مچھردانیاں مہیا کرتا رہا ہے لیکن اب اس مدد کی فراہمی بند ہو گئی ہے۔

'یو این ایچ سی آر' کو رواں سال اس کام کے لیے 11 کروڑ 83 لاکھ ڈالر کے مالی وسائل درکار ہیں۔