Live Updates

افغان وزیر خارجہ کی ازبک ہم منصب سے ٹیلیفونک گفتگو

دونوں ممالک کو علاقائی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، امیر خان متقی

اتوار 27 اپریل 2025 17:35

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)افغانستان کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی اور ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔ وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اس گفتگو میں دونوں فریق نے دو طرفہ اور کثیر جہتی تعلقات کے مزید استحکام، سیاسی، اقتصادی اور ٹرانزٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور خاص طور پر افغان-ٹرنس ریلوے پروجیکٹ اور افغانستان-ازبکستان-پاکستان سہ فریقی ملاقات کے انعقاد پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ سعیدوف نے افغانستان کے ساتھ موجودہ تعلقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 2025 کے پہلے چار مہینوں میں افغانستان کی ازبکستان کو برآمدات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں تین گنا اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور ٹرانزٹ کے حوالے سے سہولتیں بڑھانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے، خاص طور پر افغان شہریوں کے لیے ویزا کے اجرا میں آسانی پیدا کی جائے گی۔

وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے کہا کہ افغانستان ازبکستان کے ساتھ بڑے اقتصادی منصوبوں جیسے کہ ٹرانز-افغان منصوبے کی تکمیل کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور دونوں ممالک کے سیاسی، تجارتی اور ٹرانزٹ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو علاقائی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔دونوں فریقوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسی طرح کی گفتگو کا سلسلہ جاری رکھا جائے اور سہ فریقی اجلاس کے تاریخ اور مقام پر اتفاق کرنے کے لیے سفارتی چینلز کے ذریعے ہم آہنگی کی جائے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات