Live Updates

کالعدم بلدیہ کیماڑی کے تینوں ٹاونز ماڑی پور،بلدیہ اور موڑرو میر بحر (سائٹ) کے ملازمین اپنی تنخواہوں سے ناواقف

دو سال سے کسی ملازم کو پے سلپس جاری نہیں کی جارہی ہیں،ملازمین کو پریشانیوں کا سامنا، ایڈیشنل چیف سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سے نوٹس لینے کا مطالبہ

اتوار 27 اپریل 2025 17:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء) کیماڑی ڈسٹرکٹ کے ممتاز مزدوررہنماء عیسیٰ خان سرحدی نے کالعدم بلدیہ کیماڑی کے تینوں ٹاونز ماڑی پور، بلدیہ، موڑرو میر بحر کے ملازمین کو بار بار طلب کرنے کے باوجود پے سلپس جاری نہ کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ہر شہری کی معلومات تک رسائی کا قانون موجود ہے اسی طرح ہر ملازم کا یہ بنیادی حق ہے کہ اسے اس کی ماہوار ملنے والی مراعات الاونسز کی معلومات ہونی چاہیئے۔

لیکن ڈسٹرکٹ کیماڑی کے بلدیاتی ملازمین کو یہ قانونی سہولت حاصل نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ڈیرے پر کیماڑی کے تینوں ٹاونز کے ملازمین کے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے بعض عناصر پاکستان پیپلز پارٹی کو بدنام کرنے کیلیے ہر غیر قانونی کام کو چند پیسوں ،پرکشش تعیناتی و ناجائز وجعلی پرموشنز کو سپورٹ کرکے اپنے مخصوص مقاصد حاصل کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایسے عناصر کی نشاندہی جلد پارٹی کی قیادت کو بمعہ شواہد کے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی ڈسپلن کی وجہ سے کچھ عرصے سے خاموش ہوکر یہ تماشہ دیکھ رہے تھے۔ اب ملازمینکی خواہش پر دوبارہ فعال کردار ادا کرکے کیماڑی ڈسٹرکٹ کے تینوں ٹاونز کے ملازمین کے ساتھ ہونے والی ذیادتیوں کا ازالہ کروائیں۔ ملازمین کو پے سلپوں کی فراہمی سے انہیں ماہوار ادائیگیوں اور کٹوتیوں کے بارے میں علم ہوگا۔جس سے ناجائز کٹوتیوں کا خاتمہ ہوگا۔ ملازمین کو انکی محنت کا قانونی معاوضہ ملے گا۔ پے سلپ ملنے سے انہیں ریٹائرمنٹ کے واجبات کی ادائیگی میں بھی آسانی ہوگی۔ انہوں نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سے اس سلسلے میں نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات