Live Updates

ہسپتالوں کی نجکاری غریب عوام کے ساتھ دھوکہ ہے، حافظ نعیم الرحمان

پنجاب حکومت نے ہزاروں سکولز ٹھیکیداری نظام پر دئیے، یہ سسٹم بری طرح فیل ہوا، دیہی مراکز صحت، رورل ہیلتھ سنٹرز اور ہسپتالوں کو پرائیوٹائز کرنے کے فیصلوں کو مسترد کرتے ہیں؛ امیرجماعت اسلامی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 27 اپریل 2025 20:05

ہسپتالوں کی نجکاری غریب عوام کے ساتھ دھوکہ ہے، حافظ نعیم الرحمان
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اپریل 2025ء ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں دیہی مراکز صحت، رورل ہیلتھ سنٹرز اور ہسپتالوں کو پرائیوٹائز کرنے کے پنجاب حکومت کے فیصلوں کو مسترد اور گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مطالبات کی حمایت کرتے ہیں، صحت کے مراکز کو آئوٹ سورس کے نتیجے میں ٹھیکیداروں کا راج قائم ہوگا جس کی شرط یہ ہو گی کہ ان صحت مراکز پر مریم نواز کی تصویر اور ان کا نام تحریر ہو یہ دراصل آؤٹ سورس کے نام پر اپنے مند پسند لوگوں کو نوازنے کا اصل ایجنڈا ہے، اس خاندان کو بادشاہ سلامت بننے کے بعد ملکہ سلامت بننے کا شوق پیدا ہو گیا ہے، پنجاب حکومت نے ہزاروں سکولز ٹھیکیداری نظام پر دئیے لیکن یہ سسٹم بھی بری طرح فیل ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں ڈاکٹر شعیب نیازی ، ڈاکٹر سلمان، ڈاکٹرز الفت کی قیادت میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب مولانا جاوید قصوری، جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی وسطی پنجاب بابر رشید، امیر جماعت اسلامی حلقہ لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ اور سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی شکیل احمد ترابی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمان نے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کو صحت کے شعبہ پر شب خون نہیں مارنے دیں گے، حکمران تکبرانہ رویہ چھوڑیں اورعوام کے مسائل حل کریں، پنجاب حکومت نے اپنی ناقص اور عوام دشمن پالیسیوں سے پہلے زراعت اور کسانوں کو تباہ و برباد کیا اور اب پنجاب حکومت میڈیکل کے شعبے کو برباد کرنے چلی ہے، حکمران ملک کو بادشاہی نظام پر چلانا چاہتے ہیں، خاندانوں کی حکومتوں نے اپنی اجارہ داری قائم کرنے کا رواج پیدا ہو گیا ہے۔

امیر جماعت سلامی کا کہنا ہے کہ حکومت کو متنبہ کرتا ہوں اگر اس نے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف کے پرامن اور مارچ کو روکنے اور غیر قانونی و غیر اخلاقی ہتھکنڈے استعمال کیے تو پورے ملک میں اس کو نتائج بھگتنا ہوں گے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز جواب دیں کہ وہ کیوں ہیلتھ شعبہ کو آؤٹ سورس کرنے کے نام پر ہزاروں افراد کو ان کی ملازمتوں سے فارغ کرنا چاہتی ہیں؟ تعلیم، صحت اور دیگر شعبے تباہ و برباد ہوئے ہیں تو حکومتیں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف نے نہیں بلکہ آپ کے خاندان، آپ کے والد، چچا جان اور اب آپ کر رہی ہیں، اقتدار کی اس میوزیکل چیئر نے پاکستان اور اس کے اداروں کو تباہ کیا ہے، ملکی معیشت اگر خراب ہے تو آپ اور آپ کے پارٹنرز اور ان کی کرپشن کی وجہ سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ہیلتھ الائنس کے دھرنے کو 23 روز گزر گئے، بڑے بڑے دعوے کرنے والی حکومت پنجاب ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے ملازمین کے مطالبات سن ہی نہیں رہی بلکہ اس پر ظالمانہ روش اختیار کیے ہوئے ہیں، ہم ڈاکٹرز کمیونٹی اور پیرامیڈیکل سٹاف سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ شعبہ صحت کے مراکز پر عوام کے علاج معالجے کو جاری رکھیں کیوں کہ عوام کو کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیئے۔

اس موقع پر ڈاکٹر ہیلتھ الائنس کے سربراہ ڈاکٹر شعیب نیازی نے کہا کہ ڈاکٹرز کمیونٹی چاہتی ہے کہ عوام کو ان کی دہلیز پر ہی صحت عامہ کی سہولتیں میسر ہوں، ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا اور نہ ہی سیاسی عزائم ہیں، ہسپتالوں کی پرائیویٹائزیشن صحت دشمن فیصلہ ہے، حکومت اس فیصلے کو واپس لے، ہم یقین دلاتے ہیں کہ ہماری ہڑتال کے باعث ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کے علاج معالجے کے لیے ڈاکٹر کمیونٹی اپنی قومی خدمت انجام دے گی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات