وزیراعظم کےاعلان کو ساڑھے 3 ہفتے گزر گئے، بجلی تاحال 7.41 روپے فی یونٹ سستی نہ ہونے کا انکشاف

شہبازشریف کی جانب سے 3 اپریل کو گھریلو صارفین کیلئے بجلی 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کا اعلان کیا گیا تھا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 27 اپریل 2025 21:43

وزیراعظم کےاعلان کو ساڑھے 3 ہفتے گزر گئے، بجلی تاحال 7.41 روپے فی یونٹ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اپریل 2025ء ) وزیراعظم شہباز شریف کے اعلان کو ساڑھے 3 ہفتے گزر گئے، تاہم ملک میں بجلی تاحال 7.41 روپے فی یونٹ سستی نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم کے اعلان کے ساڑھے تین ہفتے بعد بھی ملک میں بجلی 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ سستی نہ ہوسکی، وزیراعظم کے اعلان کے بعد اب تک مجموعی طور پر بجلی صرف 4 روپے 97 پیسے فی یونٹ ہی سستی کی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اب تک کی کمی ماہانہ، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس اور پیٹرولیم لیوی کی مد میں کی گئی ہے، ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت میں 1 روپے 36 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی جب کہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 1 روپے 90 پیسے فی یونٹ سستی کی گئی، اسی طرح پیٹرولیم لیوی کی مد میں بجلی کی قیمت 1 روپے 71 روپے فی یونٹ کم کی گئی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی جانب سے مالی سال کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست نیپرا میں جمع کرائی جا چکی ہے، ڈسکوز کی درخواست پر نیپرا 29 اپریل کو سماعت کرے گا، ڈسکوز نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں 51 ارب 93 کروڑ 30 لاکھ روپے کمی کی درخواست کی ہے، تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کتنی سستی ہوگی یا نہیں اس حوالے سے فیصلہ نیپرا کرے گا۔