واشک محکمہ تعلیم کے زیر اہتمام اساتذہ کے تعیناتی آرڈرز تقسیم

اتوار 27 اپریل 2025 22:35

واشک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء) محکمہ تعلیم واشک کے زیر اہتمام اساتذہ کی تعیناتی آرڈرز تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانانِ خصوصی رکنِ صوبائی اسمبلی و خادمِ واشک حاجی میر زابد علی ریکی اور ڈپٹی کمشنر واشک منیر احمد درانی تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے حاجی میر زابد علی ریکی، ڈپٹی کمشنر منیر احمد درانی، ڈی ای او حاجی مختیار ڈومکی، پرنسپل حاجی قادر بخش بلوچ، ڈیلٹا اکیڈمی کے پانی یعقوب بلوچ، میر محمد ایوب عیسیٰ زئی اور دیگر مقررین نے نئے اساتذہ کو مبارکباد دی اور ان کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔

ڈپٹی کمشنر واشک نے کہا کہ واشک کے نوجوان باصلاحیت ہیں، اور اگر نئے اساتذہ دیانت داری اور محنت سے کام کریں تو واشک میں تعلیمی انقلاب برپا ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو ایمانداری سے نبھائیں اور بچوں کی تعلیم پر توجہ دیں۔ایم پی اے حاجی میر زابد علی ریکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایس بی کے میں اتنی بڑی تعداد میں اساتذہ کی تعیناتی دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر فورم پر ایس بی کے کے پوسٹوں کی ریلیز کے لیے آواز اٹھائی تاکہ ہمارے نوجوان روزگار حاصل کر کے آئندہ نسلوں کو تعلیم یافتہ بنا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان شائ اللہ آئندہ P&D میں واشک کے لیے مزید ہزار پوسٹیں نکالی جائیں گی۔ انہوں نے مخالفین کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی یہ ثابت کرے کہ میں نے ایک بھی پوسٹ فروخت کی ہے تو میں سیاست چھوڑ کر اپنے گھر واپس چلا جاؤں گا۔آخر میں تقریب میں ڈیڑھ سو مرد و خواتین اساتذہ کو تعیناتی آرڈرز تقسیم کیے گئے۔ ایم پی اے زابد علی ریکی نے یقین دہانی کرائی کہ ان پوسٹوں کو مستقل کرانے کے لیے جمیعت علمائے اسلام کے دیگر ایم پی ایز کے ساتھ مل کر بھرپور کوشش کریں گے۔