تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے بی اے پی کے صوبائی صدر میر جام کمال خان کو بلوچستان کا نیا وزیراعلی نامزد کرنے کا اعلان کردیا

بلوچستان عوامی پارٹی کی چاررکنی ایڈوائزری کمیٹی حتمی نام کی منظوری دے گی ،اختلافات اپنی جگہ برقرار ہے ،تین سابق وزراء اعلی اور ایک منتخب رکن صوبائی اسمبلی وزارت اعلی کے سنجیدہ امیدوار ہے

بدھ 1 اگست 2018 18:09

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 1 اگست 2018ء) تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کی جانب سے بلوچستان عوامی پارٹی (باپ ) کے صوبائی صدر میر جام کمال خان عالیانی کو بلوچستان کا نیا وزیراعلی نامزد کرنے کا اعلان کردیا ہے اور انکے ساتھ ملکر صوبے میں حکومت بنائیں گے مگر بلوچستان عوامی پارٹی نے ابھی تک اپنی پارٹی کی جانب کسی بھی رکن صوبائی اسمبلی کو قائد ایوان منتخب نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے اختلافات آہستہ آہستہ سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں ،بلوچستان عوام پارٹی جب بن رہی تھی تو اس وقت یہ طے ہواتھا کہ قائد ایوان کا فیصلہ چاررکنی ایڈوائزری کمیٹی کرے گی جس میں پارٹی کے صوبائی میر جام کمال خان عالیانی ،پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری منظور خان کاکڑ اور دو ارکان اور شامل ہوں گے ،ایڈوائزری کمیٹی کا ابھی تک کوئی اجلاس نہیں ہواہے اور نہ ہی بلوچستان عوامی پارٹی نے اپنی پارٹی کے کسی رکن کی نام کے منظوری دی ہے قائد ایوان کیلئے اب تک جو نام سامنے آئے ہیں ان میں میر جام کمال خان عالیانی ،سابق وزراء اعلی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی میر جان محمد جمالی ، بلوچستان عوامی پارٹی کے نومنتخب رکن اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو ،نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی سردار صالح بھوتانی اس وقت میدان میں موجود ہے ،ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی چاررکنی ایڈوائزری کمیٹی کوئٹہ میں آئندہ چند روز میں پارٹی کا اجلاس بلا رہی ہے جس میں ایڈوائزری کمیٹی کے چار ارکان خصوصی طورپر شرکت کریں گے اور حتمی فیصلہ کریں گے کہ بلوچستان عوامی پارٹی سے کون قائد ایوان ہوگا ،چار میں سے ایک کا نام منتخب کیا جائیگا اور باقی تین کے نام ڈرافٹ ہوجائیں گے ،بدھ کے روز بھی اسلام آباد اور کوئٹہ میں قائد ایوان کیلئے رابطوں کا درپردہ سلسلہ بدستور جاری تھا اور ہر امیدوار اس خوش فہمی میں مبتلا تھا کہ ان کو قائد ایوان منتخب کیا جائیگا مگر قائد ایوان کا فیصلہ چاررکنی کمیٹی کرے گی اور پھولوں کا تاج کس کے سر بیٹھے گا اس کا فیصلہ ایک دو روز میں سامنے آجائے گا ۔