پاکستان مسلم لیگ (ق) نے وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کے لیے پی ٹی آئی کی مکمل حمایت کا فیصلہ کیا ہے

چوہدری پرویز الٰہی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 1 اگست 2018 23:52

اسلام آباد ۔ یکم اگست (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 1 اگست 2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ان کی جماعت نے وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی مکمل حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ بنی گالہ میں پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے ساتھ چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں ہونے والے اجلاس میں ہماری پارٹی کے وفد نے کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان مسلم لیگ (ق) نے ملکی بہتری کے لیے پی ٹی آئی کو مکمل حمایت اور اپنے بھرپور تعاون کی یقینی دہانی کرائی ہے۔ چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کے پنجاب کی صوبائی اسمبلی میں 10 ارکان منتخب ہوئے ہیں اور پی ٹی آئی پاکستان مسلم لیگ (ق) کی حمایت کے ساتھ پنجاب میں حکومت بنانے کی مضبوط پوزیشن میں ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب میں مسلم ن کی اکثریت نہیں رہی ان کی حکومت نہیں بننے دینگے۔ چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور صوبہ پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ (ق) کی حکومت کے دور میں مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کی بھی تعریف کی۔