ضوابط کی خلاف ورزی اور بغیر پرمٹ حج کی ادائیگی پر سزاؤں کا نفاذ

حج کے ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والوں اور بغیر پرمٹ حج کرنے والوں کو دس ہزار سعودی ریال جرمانہ کیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 2 جون 2024 17:20

ضوابط کی خلاف ورزی اور بغیر پرمٹ حج کی ادائیگی پر سزاؤں کا نفاذ
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون 2024ء ) سعودی حکام نے حج کے ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والوں خاص طور پر بغیر پرمٹ حج ادا کرتے ہوئے پکڑے جانے والوں کے لئے سزاؤں کا نفاذ شروع کردیا، سزاؤں کا نفاذ مکہ مکرمہ، سکیورٹی کنٹرول سینٹرز، سارٹنگ سینٹرز اور عارضی سکیورٹی کنٹرول سینٹرز میں 20 جون تک جاری رہے گا۔ پبلک سکیورٹی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حج کے ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والوں اور بغیر پرمٹ حج کرنے والوں کو دس ہزار سعودی ریال جرمانہ کیا جائے گا، حج کے ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والے غیر ملکیوں کو ان کے ملکوں میں واپس بھیج دیا جائے گا اور ان کی قانون میں درج مدت کے لئے مملکت میں داخلے پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔

ایک بیان میں پبلک سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ نے اس بات پر زور دیا کہ حج کے ضابطوں کی بار بار خلاف ورزی پر دوگنا جرمانے عائد کیے جائیں گے اور اس بات کو اجاگر کیا کہ عازمین کے لئے مناسک حج کی تحفظ ، سلامتی اور سہولت کے ساتھ ادائیگی کو یقینی بنانے کے لئے حج کے ضابطوں کی پاسداری بے حد ضروری ہے، اس بات کو مد نظر رکھنا بھی ضروری ہے کہ حج کے ضابطوں کی خلاف ورزی اور بغیر پرمٹ حج کرنے والوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرتے ہوئے پکڑے جانے والوں کو چھ ماہ تک قید اور پچاس ہزار سعودی ریال تک جرمانے کی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ اس مقصد کے لئے استعمال ہونے والے زمینی نقل و حمل کے ذرائع کو عدالتی احکامات پر ضبط کر لیا جائے گا، اگر ٹرانسپورٹ فراہم کرنے والا غیر ملکی ہوا تو سزا پوری ہونے کے بعد اسے ملک بدر کر دیا جائے گا اور اس کے مملکت میں دوبارہ داخلے پر مقررہ مدت کے لئے پابندی عائد کر دی جائے گی، حج کے ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کی تعداد زیادہ ہونے کی صورت میں ٹرانسپورٹ فراہم کرنے والے کے جرمانے میں اضافہ کر دیا جائے گا۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں :

Your Thoughts and Comments