پی ٹی آئی کو بلے کے نشان کی واپسی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

شہری انجینئر قاضی محمد سلیم نے 184(3) کے تحت دائر کی جس میں چیف جسٹس پاکستان اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 27 جون 2024 14:50

پی ٹی آئی کو بلے کے نشان کی واپسی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27جون 2024 )پاکستان تحریک انصاف کو بلے کے نشان کی واپسی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر ،شہری انجینئر قاضی محمد سلیم نے 184(3) کے تحت دائر کی جس میں چیف جسٹس پاکستان اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں تحریک انصاف کو بلے کا نشان اور مخصوص نشستیں دینے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ پی ٹی آئی نے عام انتخابات میں انتخابی نشان کے بغیر حصہ لیا، اب انتخابی نشان واپس کیا جائے۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی کو متناسب نمائندگی کے اصول کے تحت مخصوص نشستیں فراہم کی جائیں، پی ٹی آئی نے عام انتخابات میں دیگر تمام جماعتوں سے زیادہ ووٹ حاصل کیے، عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے حاصل کردہ ووٹوں کی تعداد ایک کروڑ 84 لاکھ 60 ہزار سے زائد ہے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ انتخابی نشان بلے کی واپسی کے بعد آزاد امیدواروں کو پی ٹی آئی میں شامل ہونے کی اجازت بھی دی جائے۔

خیال رہے کہ 20جون کو لاہور ہائیکورٹ نے بلے کا انتخابی نشان واپس لینے کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا تھا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے پی ٹی آئی پی ٹی آئی سے بلے کا انتخابی نشان واپس لینے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی تھی۔

جسٹس شمس محمود مرزا کر سربراہی میں بننے والے لارجر بینچ میں جسٹس شاہد کریم، جسٹس شہرام سرور چوہدری ، جسٹس جواد حسن اور جسٹس رسال حسین شامل تھے۔پی ٹی آئی کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مو¿قف اپنایا گیا تھاکہ عام انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی سے انتخابی نشان واپس لینے کا اقدام غیر قانونی تھا۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف الیکشن کمیشن کی کارروائی کو کالعدم قرار دیا جائے، الیکشن ایکٹ کے سیکشنز 215 ،209 اور 208 سمیت دیگر کو آئین سے متصادم قرار دیا جائے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے روکا جائے، پاکستان تحریک انصاف کو بلے کا انتخابی نشان دوبارہ الاٹ کیا جائے۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں :

Your Thoughts and Comments