لاہور ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تقریری معاملہ،جوڈیشل کمیشن کا اجلاس2جولائی کو طلب

تاریخ میں پہلی مرتبہ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی تقرری کیلئے طریقہ کار تبدیل ، سینئرترین جج کی بطور چیف جسٹس تقرر ی کی بجائے ٹاپ تھری ججز میں سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا انتخاب ہوگا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 28 جون 2024 13:25

لاہور ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تقریری معاملہ،جوڈیشل کمیشن کا اجلاس2جولائی کو طلب
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28جون 2024 )لاہور ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تقریری کے معاملے پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 2جولائی کو جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب کرلیا،تاریخ میں پہلی مرتبہ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی تقرری کے لئے طریقہ کار تبدیل کردیا گیا ، سینئرترین جج کی بطور چیف جسٹس تقرر ی کی بجائے ٹاپ تھری ججز میں سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا انتخاب ہوگا ۔

چیف جسٹس کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں مستقل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی تقرری پر غور ہوگا۔جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس عالیہ نیلم کے نام زیر غور آئیں گے۔جوڈیشل کمیشن کے ارکان کی تعداد چیف جسٹس پاکستان سمیت مجموعی طور پر 12ہے۔اجلاس میں سپریم کورٹ کے سینئرترین جج جسٹس سید منصور علی شاہ ،جسٹس منیب اختر ،جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان ، جسٹس ریٹائرڈ منظور احمد ملک اور جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود کمیشن کا حصہ ہوں گے جبکہ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ،صوبائی وزیر قانون ملک شعیب ، اٹارنی جنرل ،ممبر پاکستان بار کونسل اختر حسین اور پنجاب بار کونسل کے ممبر اسد محمود عباسی بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سب سے پہلے سینئر ترین جج جسٹس شجاعت علی خان کیلئے ووٹنگ ہوگی اگر جسٹس شجاعت علی خان اکثریت کا اعتماد حاصل کرلیتے ہیں تو پھر انہیں چیف جسٹس نامزد کرکے آگے والے دو امیدواروں پر ووٹنگ نہیں ہوگی اور اگر وہ اکثریت حاصل نہ کر سکے پھر جسٹس علی باقر نجفی اور اگر وہ بھی اکثریت حاصل نہ کر سکے تو پھر جسٹس مس عالیہ نیلم کے نام پر ووٹنگ ہوگی اور کمیشن کے ارکان کی اکثریت حاصل کرنے والے امیدوار کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نامزد کردیا جائے گا۔علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کے نام پر بھی غور ہوگا۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں :

Your Thoughts and Comments