ملک سے کھانے پینے کی تازہ اشیا برآمدکرکے قیمتی زر مبادلہ کمایا جاسکتا ہے،سینئر نائب صدر فیصل آباد چیمبر

جمعہ 28 جون 2024 14:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2024ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئرنائب صدرڈاکٹر سجاد ارشدنے کہا ہے کہ پاکستان بنیادی طور پر ایک زرعی ملک ہے لہذا مختلف کھانے پینے کی تازہ اشیا فوری طور پر برآمدکرکے قیمتی زر مبادلہ کمایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ٹیکسٹائل کو اس شہر کی معیشت میں کلیدی حیثیت حاصل ہے اور ٹیکسٹائل مصنوعات کی 45فیصد پیداوار فیصل آباد میں ہو رہی ہے لیکن دیگر شعبے بھی ملک کی مجموعی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کے لئے ترغیبات اور مراعات کا اعلان کرے تو پاکستان میں یو اے ای کے سرمایہ کاروں سے مل کر دودھ، خوراک اور گوشت کی پروسیسنگ کے مشترکہ منصوبے بھی شروع کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خام تیل درآمد کر کے گوادر میں متحدہ عرب امارات کے اشتراک سے آئل ریفائنری لگائی جا سکتی ہے جس سے نیپتھا کریکر بنتا ہے جس سے کئی قسم کے ڈائز اینڈ کیمیکلز تیار کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت پاکستان 5سے10 ارب کے ڈائز اینڈ کیمیکلز چین سے درآمد کرتا ہے جن کو اس آئل ریفائنری کی وجہ سے مقامی طور پر تیا رکیا جا سکے گا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں