فیصل آباد ، گھر میں آتشزدگی سے2بچے جاں بحق،7 افراد زخمی

بدھ 19 جون 2024 16:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2024ء) پولیس تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقہ پیپلز کالونی ستیانہ روڈ شریف پورہ میں گھر میں آگ لگنے سے2 بچے جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق ستیانہ روڈ پر محلہ شریف پورہ کے ایک گھر میں آگ لگنے سے 9 افراد جھلس گئے جنہیں فیصل آبادکے الائیڈ برن یونٹ میں منتقل کیا گیا جہاں 2 بہن بھائی 6 سالہ دعا فاطمہ اور9 سالہ طلحہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

زخمیوں میں 45 سالہفرحت، 24 سالہمکی رضا،8 سالہ ریحان،4 سالہ ایمان فاطمہ،3 سالہ ابراہیم اور 40 سالہ راشدہ بی بی اور 32 سالہ نرگسشامل ہیں۔زخمی ہونے والے تمام افراد پینتیس سے 72 فیصد تک جھلس گئے۔ برن یونٹ حکام کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

(جاری ہے)

ریسکیو حکام نے بتایا کہ ابتدائی تحقیق کے مطابق گھر میں آگ چارجنگ پر لگے لیپ ٹاپ کی بیٹری پھٹنے سے لگی، جس پر قابو پالیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے فیصل آباد میں گھر میں آتشزدگی سے بچوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو علاج و معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا۔ آر پی او فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان نے تھانہ بٹالہ کالونی میں گھر میں آتشزدگی کے واقعے کا نو ٹس لے لیا ہے۔ آر پی او کے ترجمان رضوان بھٹی نے بتایا کہ آر پی او نے سی پی او فیصل آباد کامران عادل سے واقعہ کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن کو جائے حادثے کی وجوہات معلوم کرکے شواہد اکٹھے کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں