گلگت، مختلف محکموں میں گھوسٹ ملازمین بارے جانچ پڑتال کیلئے اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دیدی گئی

ہفتہ 29 جون 2024 20:55

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2024ء)چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا کے خصوصی احکامات پر محکمہ مواصلات و تعمیرات میں زائد ملازمین کے معاملے کی مکمل فیکٹ فائنڈنگ انکوائری اور دیگر مختلف محکموں میں گھوسٹ ملازمین کے حوالے سے جانچ پڑتال کے لیے ایک اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق چھ ممبران پر مشتمل کمیٹی کی صدارت ایڈیشنل سیکرٹری فنانس ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان کریں گے جبکہ دیگر ممبران میں میں ایس اینڈ جی اے ڈی، ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن، واٹر اینڈ پاور، سکول ایجوکیشن کے ڈپٹی سیکرٹریز اور اکائونٹنٹ جنرل آفس گلگت بلتستان کا ایک نمائندہ شامل ہے۔

کمیٹی محکمہ مواصلات و تعمیرات میں زائد ملازمین کے حوالے سے جامع تحقیقات کریگی اور محکمہ صحت، محکمہ ہائر، ٹیکنیکل اینڈ سپیشل ایجوکیشن، محکمہ سکول ایجوکیشن، اور محکمہ برقیات میں محکمہ مواصلات اور تعمیرات کی طرز پر دو مہینے کی مدت میں ملازمین کی جانچ پڑتال کے بعد زائد ملازمین کے حوالے سے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کو رپورٹ پیش کریگی۔

(جاری ہے)

اس اقدام کا مقصد سرکاری محکموں میں شفافیت، احتساب اور کارکردگی کو بہتر بنانا ہے اور کمیٹی کی سفارشات سے حکومت کو سرکاری محکموں میں افرادی قوت کو معقول بنانے اور مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں