سکیورٹی فورسز آپریشن،چلاس بس فائرنگ واقعے کا مسٹر مائنڈ کمانڈر شاہ فیصل ہلاک‘ایک زخمی ،ایک فرار

جمعرات 4 جولائی 2024 22:27

ؑگلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جولائی2024ء) وزیر داخلہ گلگت بلتستان شمس لون نے کہا ہے کہ ضلع دیامر تحصیل داریل گاؤں گماری میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں چلاس بس فائرنگ واقعے کا مسٹر مائنڈ اور انتہائی مطلوب خطرناک دہشتگرد کمانڈر شاہ فیصل ہلاک ہوگیا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ گلگت بلتستان نے کہا کہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک بچی، ایک بزرگ اور 4 سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہو گئے، خفیہ اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے جمعرات کو آپریشن کیا۔

شمس لون کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک اور خطرناک دہشت گرد زاہد اللہ بھی زخمی ہوگیا جبکہ ایک اور دہشت گرد کا تعاقب کیا جارہا ہے، دہشت گردوں سے مقابلے میں گلگت بلتستان اسکاؤٹس کے 4 اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ علاقے میں کئی گھنٹوں سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے اور حالات سخت کشیدہ ہیں۔شمس لون کے مطابق وہ جلد گلگت پہنچ کر میڈیا کو تمام حالات سے آگاہ کریں گے۔

واضح رہے کہ قبل ازیں اسمبلی اجلاس میں وزیر داخلہ نے ہوڈور دہشتگردی واقعے میں ملوث 7 دہشتگردوں کے پکڑے جانے کا دعویٰ کیا تھا۔یاد رہے کہ 2 دسمبر کو صوبہ گلگت بلتستان کے شہر چلاس میں دہشت گردوں کی مسافر بس پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہو گئے تھے۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں