بجٹ تحفظات دور کرنے کیلئے وزیراعظم نے بلاول کو ملاقات کی دعوت دیدی

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور شہباز شریف کے مابین جمعہ تک وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات متوقع ہے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 20 جون 2024 11:43

بجٹ تحفظات دور کرنے کیلئے وزیراعظم نے بلاول کو ملاقات کی دعوت دیدی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جون 2024ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 2024/25ء کے وفاقی بجٹ پر اپنی جماعت کے تحفظات سے متعلق بات کرنے کے لیے وزیراعظم کی ملاقات کی دعوت قبول کرلی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے ملاقات کی دعوت دی، جس کا چیئرمین پیپلزپارٹی نے مثبت جواب دیا اور دونوں رہنماؤں کے مابین جمعہ تک وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اس ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ بجٹ پر پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کی جائے گی، دونوں رہنماؤں کے مابین ایک نکاتی ایجنڈا ہے جس کے تحت زیر التوا مسائل بالخصوص پاکستان پیپلزپارٹی کے تحفظات کو حل کیا جائے گا، جن کی وجہ سے بلاول بھٹو زرداری نے بجٹ اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی، پیپلز پارٹی کی جانب سے بھی علامتی شرکت کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

ادھر پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ ہم حکومت سے مکمل تعاون کر رہے ہیں اور جو معاہدہ کیا گیا تھا اس پر پوری طرح عمل کر رہے ہیں لیکن حکومت نے بجٹ کے متعلق پیپلزپارٹی سے مشاورت نہیں کی اس لئے بجٹ کے حوالے سے ہمارے تحفظات ہیں، پیپلز پارٹی کے ن لیگ سے تحفظات صرف یہ ہیں کہ تحریری معاہدے پر عمل کیا جائے، بلاول بھٹو بھی حکومت سازی کے وقت کیے گئے تحریری معاہدے پر عمل درآمد چاہتے ہیں، حکومت نے جب تحریری معاہدہ کیا تھا تو اس وقت ہمیں کہا گیا تھا کہ پنجاب میں ہمارا حصہ دیا جائے گا لیکن حکومت اپنے معاہدوں سے انحراف کر رہی ہے اور پنجاب میں ہمیں وہ سپیس نہیں دی جا رہی جو ہمارا حق ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں