ہتک عزت بل پر پیپلزپارٹی ہم سے ملی ہوئی تھی، بجٹ بھی ان کی مرضی سے بنا، حنیف عباسی

گورنر پنجاب طے کرکے باہر گئے، اتحاد پیپلزپارٹی کی مجبوری ہے مسلم لیگ ن کی نہیں۔ مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 20 جون 2024 15:22

ہتک عزت بل پر پیپلزپارٹی ہم سے ملی ہوئی تھی، بجٹ بھی ان کی مرضی سے بنا، حنیف عباسی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جون 2024ء ) مسلم لیگ ن کے رہنماء حنیف عباسی نے انکشاف کیا ہے کہ ہتک عزت بل پر پیپلزپارٹی ہم سے ملی ہوئی تھی، بجٹ بھی ان کی مرضی سے بنا۔ اے آر وائی نیوز سے منسلک صحافی نعیم اشرف بٹ کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہتک عزت بل پر پیپلزپارٹی ہم سے ملی ہوئی تھی اسی لیے گورنر پنجاب طے کرکے ملک سے باہر گئے، ایسے ہی بجٹ بھی ان کی مرضی سےبنا ہے لیکن پیپلزپارٹی کو جب موقع ملا وہ ضائع نہیں کرے گی، ایسے کشتی پار نہیں چڑھ سکتی کیوں کہ یہ ماسی ویہڑہ نہیں کہ آپ عہدے بھی لیں اور اسٹیک ہولڈر بھی نہیں حالاں کہ اتحاد پیپلزپارٹی کی مجبوری ہے مسلم لیگ ن کی نہیں۔

حنیف عباسی نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ رؤف حسن سمیت پی ٹی آئی کےکچھ دیگر لوگ مسلم لیگ ن نے پلانٹ کر رکھے ہیں، دیکھ لیں عمران خان کے ٹویٹ پر رؤف حسن نے وہی کہا جو ہم کہہ رہےہیں، ہوسکتا ہے رؤف حسن میرے کان میں پہلے ہی بتا گیا ہو، ہمارےکام آ رہے ہیں ہمیں داد دیں، ان کوپتا ہی نہیں چلتا اور رؤف حسن ہمارا کام کردیتا ہے جیسے اس نے بانی پی ٹی آئی کے ٹویٹر ہینڈل کا بتایا، یہ لوگ عمران خان سے جیل میں ملنے بھی جاتے ہیں اور ہمارے کام بھی آتے ہیں، اس کا تو آپ کو پتا لگ گیا لیکن باقیوں کے نام نہیں بتائیں گے، ہم پیسے نہیں دیتے لیکن ان کو کچھ اور امیدہے۔

(جاری ہے)

ن لیگی رہنماء کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی کے کچھ تو اصول ہونےچاہئیں، جس طرح عمران خان نے ان کی نقلیں اتاریں اور جو کچھ ان کے بارے میں کہا، یہ لوگ کم از کم اس سے پہلے معافی تو منگوا لیتے، دونوں اس کی جھولی میں جاکربیٹھ گئے، مولانا فضل الرحمان کو یہودی ایجنٹ والی بات پر کھڑا رہنا چاہیئےتھا، یہ نہیں کہہ سکتے کہ سیاسی بات تھی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں