سی پیک منصوبہ نے ہماری سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، تمام سیاسی جماعتیں منصوبے کی مکمل حمایت کرتی ہیں،سپیکر قومی اسمبلی

جمعہ 21 جون 2024 12:02

سی پیک منصوبہ نے ہماری سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، تمام سیاسی جماعتیں  منصوبے کی مکمل حمایت کرتی ہیں،سپیکر قومی اسمبلی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2024ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ نے ہماری سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اس ’’گیم چینجر‘‘ منصوبے کی مکمل حمایت کرتی ہیں،سات دہائیوں سے زائد پر محیط چین اور پاکستان کے مضبوط تعلقات دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔

جمعہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی سردار ایاز صادق نے سی پیک کے حوالے سے سیاسی جماعتوں پر مشتمل تیسرے پاک۔چین مشترکہ مشاورتی اجلاس میں شرکت کی۔اس موقع پرسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم اجلاس میں شرکت اور پارلیمنٹ کی نمائندگی کرنا میرے لیے باعث اعزاز ہے،میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینٹر اسحاق ڈار کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے اس اہم مشاورتی اجلاس میں مدعو کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان کی پارلیمان نے سی پیک منصوبے کی ہمیشہ مکمل حمایت کی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سی پیک منصوبہ نے ہماری سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اس اہم ’’گیم چینجر‘‘ منصوبے کی مکمل حمایت کرتی ہیں،سات دہائیوں سے زائد پر محیط چین اور پاکستان کے مضبوط تعلقات دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور چین خطے میں امن اور خوشحالی کے داعی ہیں،دونوں ممالک خطے میں انتشار اور بد امنی کے خلاف یکساں موقف رکھتے ہیں،صدر شی جن پنگ کا 2015 میں پاکستان کا تاریخی دورہ اس خطے کی ترقی کے لیے اہم سنگ میل تھا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ چینی صدر کے دورے کے موقع پر 46 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے، بطورسپیکر صدر شی جن پنگ کا پارلیمنٹ میں استقبال کرنا باعث اعزاز تھا،صدر شی جن پنگ نے پارلیمنٹ سے تاریخی خطاب کیا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ صدر شی جنگ پنگ نے اس خطاب میں’’ون بیلٹ ون روڈ‘‘کے اپنے وژن کا اظہار کیا،دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعاون علاقائی خوشحالی اور ترقی کے لیے ہمارے مشترکہ عزم کی علامت ہے،پاکستان اور چین کی پارلیمانوں کے مابین تعلقات باہمی اعتماد اور عملی تعاون پر مبنی ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مجھے قومی عوامی کانگریس کے چیئرمین کی دعوت پر دو بار پاکستان کے پارلیمانی وفود کے ہمراہ چین کے دورے کا موقع ملا،دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی تعاون نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کیا،مشترکہ مفادات، خودمختاری اور استحکام کے فروغ کیلئے ملکر کام کرتے رہیں گے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دونوں پارلیمان تمام بین الاقوامی اور علاقائی پارلیمانی فورم پر ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں،پاکستان کی قومی اسمبلی نے علاقائی رابطے اور انتہا پسندی سے نمٹنے کیلئے پہلی سپیکرز کانفرنس کی میزبانی کی۔سپیکرز کانفرنس میں چھ ممالک شامل تھے جن میں افغانستان، چین، ایران، پاکستان، روس اور ترکی شامل تھے۔

سپیکر نے کہا کہ تمام شریک ممالک نے متفقہ طور پر اس بات پر اتفاق کیا کہ علاقائی رابطوں میں اضافہ اور دہشتگردی کا خاتمہ ناگزیر ہے۔سپیکرنے کہا کہ سی پیک پر قائم پارلیمانی کمیٹی نے سی پیک کے منصوبوں کی تکمیل اور نگرانی کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا،آنے والے دنوں میں سی پیک پر قائم پارلیمانی کمیٹی کو مزید فعال کریں گے،سی پیک منصوبے کی تکمیل سے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں روز گار کے نئے مواقع پیدا ہوئے اور عوام کا معیار زندگی بلند ہوا۔

چین کے وفد کا پاکستان کا دورہ اور سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کی بات خوش آئند ہے۔سپیکر نے کہا کہ چینی وفد کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی دلیل ہے،سی پیک فیز ٹو سے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک کوارڈینیشن مزید گہرا ہو گا،خطے میں خوشحالی آئے گی۔سپیکرنے کہا کہ سی پیک کے لیے چینی دوستوں کی غیر متزلزل حمایت اور عزم کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں،دعا ہے کہ پاک۔چین دوستی اور شراکت داری ہمیشہ یونہی پھلتی پھولتی رہے۔\932

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں