کسی بھی میٹنگ میں آپریشن سے متعلق فیصلہ نہیں ہوا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

صوبہ ایک اور آپریشن کا متحمل نہیں ہو سکتا، جھوٹے پروپیگنڈے پھیلانے کی بجائے حقائق پر بات کی جائے، اگر آپریشن سے متعلق کوئی فیصلہ ہوا ہو تو میٹنگ منٹ سامنے لائے جائیں۔ پی ٹی آئی کورکمیٹی اجلاس میں بریفنگ

Sajid Ali ساجد علی پیر 24 جون 2024 10:21

کسی بھی میٹنگ میں آپریشن سے متعلق فیصلہ نہیں ہوا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جون 2024ء ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ کسی بھی میٹنگ میں آپریشن سے متعلق فیصلہ نہیں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سمیت اہم رہنماؤں نے شرکت کی جہاں علی امین گنڈا پور نے تقریباً ایک گھنٹہ سے زائد وقت پی ٹی آئی کورکمیٹی کو بریفنگ دی، جس میں انہوں نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردی سے متعلق آپریشن پر اپنا مؤقف کمیٹی کو بتایا، جس کے بعد کور کمیٹی کے اجلاس میں ممبران نے کسی بھی نئے فوجی آپریشن کی مخالفت کردی اور علی امین گنڈا پور پر اعتماد کا اظہار کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کورکمیٹی اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخوا ایک اور آپریشن کا متحمل نہیں ہو سکتا، کسی بھی میٹنگ میں آپریشن سے متعلق فیصلہ نہیں ہوا، اگر آپریشن سے متعلق کوئی فیصلہ ہوا ہو تو میٹنگ منٹ سامنے لائے جائیں، میری ملاقاتوں اور میٹنگز میں صرف دہشتگردی پر گفتگو ہوئی فیصلے نہیں ہوئے، جھوٹے پروپیگنڈے پھیلانے کی بجائے حقائق پر بات کی جائے، آپریشن کا کوئی فیصلہ کیا تو سب سے پہلے کور کمیٹی کو آگاہ کروں گا، عمران خان سے اس معاملے پر ملاقات کروں گا۔

(جاری ہے)

اسی طرح پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نےقومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں آپریشن کا فیصلہ کیا گیا جس پر ہمیں اعتراض ہے، حکومت نے کسی بھی معاملے پر اس ایوان کو اعتماد میں نہیں لیا، اس ایوان سے فیصلہ لیا جائے پھر کوئی کارروائی کی جائے، کوئی بھی آپریشن ہو، کسی بھی صوبے میں ہو ایوان نے پیرا میٹرز متعین کیے ہیں، وفاقی حکومت فیصلہ کرنے سے پہلے ایوان میں اس ایشو کو لائے، عسکری قیادت ایوان کو آپریشن عزمِ استحکام پر اعتماد میں لے، پہلے بھی عسکری قیادت ایوان میں آ کر بریفنگ دے چکی ہے، کوئی بھی ایپکس کمیٹی اس ایوان سے بالا نہیں ہو سکتی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں