عمران خان اگر باہر بھی آجاتا ہے کوئی طوفان نہیں آجائے گا

دو چار دن بڑی ریلی یا جلسہ ہوجائے گا، پھر راوی چین ہی لکھے گا، حکومتی کوشش ہوگی عمران خان کو جتنی دیر ممکن ہو اندر رکھا جائے، کیونکہ اس کا بیانیہ ملک کو غیرمستحکم کرنا ہے،وفاقی مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 26 جون 2024 00:13

عمران خان اگر باہر بھی آجاتا ہے کوئی طوفان نہیں آجائے گا
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون 2024ء) وفاقی مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان اگر باہربھی آجاتا ہے کوئی طوفان نہیں آجائے گا،وو چار دن بڑی ریلی یا جلسہ ہوجائے گا، پھر راوی چین ہی لکھے گا، حکومتی کوشش ہوگی عمران خان کو جتنی دیر ممکن ہواندر رکھاجائے،کیونکہ اس کا بیانیہ ملک کو غیرمستحکم کرنا ہے۔ انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منافقت یا غلط بیانی سے کام لینے کی ضرورت نہیں، عمران خان کا بیانیہ اور سیاسی ایجنڈایہ ہے کہ ملک میں عدم استحکام اور فتنہ پھیلایا جائے،اس لئے حکومت کی کوشش ہوگی کہ جتنی دیربھی پابند رکھا جاسکتا ہے رکھا جائے۔

جب سے عدم اعتماد کی تحریک ہوئی، اس کے فوری بعد پارلیمنٹ کا بائیکاٹ کیا، لانگ مارچ کیا ، پھر اسمبلیاں توڑ دیں، اسمبلیاں توڑنے سے بات نہ بنی تو حکومتیں توڑ دیں، اس کا مسلسل ایک ہی ایجنڈا ملک میں افراتفری اور فتنہ ہے۔

(جاری ہے)

اس لئے قانونی کیسز جو بنتے ہیں وہ ضرور بنیں گے۔ہم عمران خان کو زبردستی جیل میں نہیں رکھ سکتے۔ انہیں جیل میں آئین قانون کے مطابق رکھا جائے گا، ان کے خلاف جتنے بھی مقدمات ہیں آئین قانون کے مطابق ہی بنے ہیں۔

ان کو سزائیں بھی عدالت سے ہوئیں کوئی ہم نے اپنی پارٹی کے بندے کو بٹھا کر سزائیں نہیں دیں۔ مینڈیٹ عمران خان کو ملا تو مینڈیٹ اور ووٹ ہمیں بھی ملا ہے، کسی کو ملک میں انتشار ، افراتفری پھیلانے کا کسی کو مینڈیٹ نہیں ملا۔ اگر کوئی ملک میں فتنہ پھیلاتا ہے تو مینڈیٹ کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ عمران خان نے 9مئی کو اور اس کے بعد کے واقعات میں مینڈیٹ کی خلاف ورزی کی۔

کس نے مینڈیٹ دیا کہ عدالتوں پر حملے کریں اور کیسز کو نہ چلنے دیں؟کیس پر کیس سب پر بنتے رہے ہیں، شہبازشریف اور ہم پر بھی بنتے رہے۔ عمران خان اگر باہربھی آجاتا ہے کوئی طوفان نہیں آجائے گا،دو چار دن بڑی ریلی یا جلسہ ہوجائے گا، اس کے بعد راوی چین ہی لکھے گا۔ عمران خان اگر سیاست کرے اور جمہوریت کے ذریعے آگے بڑھے تو ہمیں اس کی ذات سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ حکومت کی کوشش ہوگی عمران خان کو جتنی دیر ممکن ہواندر رکھا جائے، کیونکہ ملک کی بہتری اسی میں ہے، عمران خان کا بیانیہ ملک کو غیرمستحکم کرنا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں