ایف بی آر میں اصلاحات اور محصولات کے حوالے سے ہفتہ وار جائزہ اجلاس کی صدارت خود کروں گا، وزیراعظم شہباز شریف

جمعہ 28 جون 2024 14:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2024ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی معیشت میں ایف بی آر کا کلیدی کردار ہے ، ہمیں مل جل کر ملکی ترقی کے لئے کام کرنا ہے،ایف بی آر میں جاری اصلاحات اور محصولات کے حوالے سے ہفتہ وار جائزہ اجلاس کی صدارت خود کروں گا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار اپنی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور پر اہم اجلاس میں گفتگو کرتےہوئے کیا۔

اجلاس میں وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، اراکین قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی، بیرسٹر عقیل ملک، بیرسٹر دانیال چوہدری ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل ، چیئر مین ایف بی آر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت میں ایف بی آر کا کلیدی کردار ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مل جل کر ملکی ترقی کے لئے کام کرنا ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایف بی آر کے مختلف عدالتوں اور ٹریبونلز میں زیر التوا کیسز کے حوالے سے بہترین وکلا کی خدمات حاصل کی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر میں جاری اصلاحات اور محصولات کے حوالے سے ہفتہ وار جائزہ اجلاس کی صدارت خود کروں گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹیکس سے متعلق مقدمات کو جلد نمٹانے کیلئےان لینڈ ریونیو ایپیلیٹ ٹریبیونلز کے ساتھ کسٹمز ایپیلیٹ ٹریبیونلز کا قیام بھی عمل میں لایا جائے۔

وزیراعظم نے ایف بی آر کے اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران کے لیے اعزاز دینے کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایپیلیٹ ٹریبیونلز ان لینڈ ریونیو کے قیام کے حوالے سے کام کو آغاز ہو چکا ہے ، ان ٹریبیونلز میں ججز کی تعیناتی کے حوالے سے شفاف تحریری امتحان کا انعقاد کیا جائے گا۔\932

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں