آئی ایم ایف کا بجلی کم از کم 5 روپے مزید مہنگی کرنے کا مطالبہ

نئے قرض پروگرام سے پہلے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کی ورکنگ مکمل کر لی گئی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 3 جولائی 2024 12:58

آئی ایم ایف کا بجلی کم از کم 5 روپے مزید مہنگی کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی 2024ء ) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے نئے قرض پروگرام کے لیے بجلی کم از کم 5 روپے مزید مہنگی کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے حکومت سے 10 جولائی سے پہلے بجلی 5 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کا مطالبہ کیا ہے، یہ مطالبہ اس وقت سامنے آیا جب پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل رابطہ ہوا، جس میں آئی ایم ایف کو بجٹ میں لیے گئے فیصلوں سے آگاہ کیا گیا، حکام نے آئی ایم ایف کو گیس کی قیمتوں میں اضافے کے اقدامات پر بھی بریفنگ دی۔

بتایا گیا ہے کہ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 5 روپے سے زائد اضافے کی ورکنگ مکمل کر لی گئی ہے، اس کے علاوہ حکومت بجلی کے ریٹ نہ بڑھانے کے لیے متبادل طریقہ کار بھی تلاش کر رہی ہے، اس کے علاوہ پاکستان نے آئی ایم ایف کو تمام پیشگی شرائط پر عملدرآمد سے متعلق آگاہ کیا، آئی ایم ایف نے بجٹ میں سخت معاشی فیصلوں اور گیس مہنگی کرنے کے اقدامات کی تعریف کی اور معیشت کی بہتری کے لیے اب تک کیے جانے والے اقدامات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ آئی ایم ایف وفد کی نئے قرض پروگرام کیلئے پاکستان آمد پر بھی بات چیت ہوئی، وفد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے پلان رواں ہفتے ہی مکمل کیے جانے کا امکان ہے، نئے قرض پروگرام پر پیشرفت جولائی کے تیسرے ہفتے تک متوقع ہے، نئے قرض پروگرام پر سٹاف لیول مذاکرات مئی میں ہوئے، مئی سے اب تک پاکستان نے بیشتر پیشگی اہداف حاصل کر لیے ہیں، جن کے بدلے پاکستان آئی ایم ایف سے 8 ارب ڈالر کا قرض پروگرام لینے کا خواہشمند ہے، جس کے لیے تمام شرائط قبل از وقت مکمل کی گئیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں