ٹیکس دینے کی استعداد رکھنے والے نان فائلرز کو فوری ٹیکس نیٹ میں لایا جائے، وزیر اعظم

جمعہ 5 جولائی 2024 21:44

ٹیکس دینے کی استعداد رکھنے والے نان فائلرز کو فوری ٹیکس نیٹ میں لایا جائے، وزیر اعظم
اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2024ء) وزیراعظم شہبازشریف نے ٹیکس دینے کی استعداد رکھنے والے نان فائلرز کو فوری ٹیکس نیٹ میں لانے کی ہدایت کی ہے جبکہ ایف بی آر اصلاحات پر اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا ہے کہ 45 لاکھ افراد کی نشاندہی ہوگئی جو استعداد کے باوجود ٹیکس نیٹ میں نہیں۔اجلاس کو ایف بی آر کی اصلاحات اور ڈیجیٹائیزیشن کے عمل پر پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایات پر عمل تیزی سے جاری ہے،ایف بی آر کے موجودہ نظام اور افرادی قوت کے حوالے سے جائزہ اپنے حتمی مراحل میں ہے، اجلاس کو ابتدائی اقدامات کے نتائج کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ قریباً 4 ہزار کمپنیوں کی جانب سے جعلی اور اندر انوائس والے سلیز ٹیکس ریفنڈز کی نشاندہی کرکے انہیں روکا جا چکا ہے جبکہ 45 لاکھ کے قریب ایسے افراد کی نشاندہی کی جا چکی ہے جو ٹیکس دینے کی استعداد رکھتے ہیں مگر ٹیکس میں نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

وزیرِ اعظم نے ایف بی آر کی ڈیجیٹائیزیشن اور اصلاحات کے حوالے سے معینہ اہداف کے ساتھ جامع لائحہ عمل آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا۔اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، وزیرِ مملکت علی پرویز ملک، وزیرِ اعظم کے کورڈینیٹر رانا احسان افضل، چیئرمین ایف بی آر، پاکستان بزنس کونسل کے سی ای او احسان ملک، کارنداز کے سی ای او وقاص الحسن اور متعلقہ حکام کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر شمشاد اختر، نوید اندرابی، آصف پیر اور علی ملک نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں