حکومت نے مشکلات کے باوجود عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے، ایوان بالا میں بجٹ پر بحث

جمعرات 20 جون 2024 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2024ء) اراکین سینیٹ نے کہا ہے کہ حکومت نے مشکلات کے باوجود عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے، بجٹ میں صوبہ خیبر پختونخوا کے لئے نئے ترقیاتی منصوبے شامل کئے جائیں، ہمیں قومی اداروں کو بہتر بنانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے چاہئیں۔ جمعرات کو ایوان بالا میں آئندہ مالی سال 2024-25 کے بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ بجٹ میں حکومتی اخراجات میں کمی کی کوئی سفارش نہیں ہے، نئے براہ راست اور بالواسطہ ٹیکسوں کے لیے سفارشات ہیں ۔

سینیٹر ہدایت اللہ نے کہا کہ بجٹ میں صوبہ خیبر پختونخوا کے لئے نئے ترقیاتی منصوبے شامل کئے جائیں۔ سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ ہم پالیسیوں کے تسلسل کے خواہاں ہیں، پی ٹی آئی کے دور میں ایس آر او جاری کر کے ایک کمپنی کو فائدہ پہنچایا گیا، اس کمپنی سے میرا کوئی تعلق نہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں پر ٹیکس لگانے میں کیا مسئلہ ہے۔

سینیٹر منظور احمد کاکڑ نے کہا کہ نواب ظاہر کاسی کے انتقال پر افسوس ہے، وہ بلوچستان کا اثاثہ اور ہر دلعزیز شخصیت تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے، ہمیں اس حوالے سے مثبت تجاویز دینی چاہیے، تنخواہوں کا بڑھانا اچھا اقدام ہے لیکن ٹیکس کٹوتی بہت زیادہ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مشکل حالات کے باوجود عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے۔ سینیٹر پونجو بھیل نے کہا کہ حکومت کو اخراجات پر قابو پانا چاہیے جس سے مہنگائی میں کمی آئے گی، سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا صوبہ سندھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قومی اداروں کو بہتر بنانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے چاہئیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں