حکومت نے مشکل معاشی حالات میں بجٹ پیش کیا، نومئی کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، حنیف عباسی کا قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کے دوران اظہار خیال

ہفتہ 22 جون 2024 16:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے کہا ہے کہ حکومت نے مشکل معاشی حالات میں بجٹ پیش کیا ہے، تنخواہ دار طبقے کی بجائے صاحب ثروت طبقات پر ٹیکسوں کابوجھ ڈالا جائے، نو مئی کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور باہر پھرنے والے ماسٹر مائنڈز کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے تاکہ کسی کو پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ ہوں۔

ہفتہ کو آئندہ مالی سال 25-2024 کے وفاقی بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے حنیف عباسی نے کہاکہ سیاسی ورکر کے طور پر سیاسی کارکنوں کی قربانیوں کا اعتراف کرنا چاہئیے، پی پی پی میں قربانیوں کی طویل داستان ہے جس کا میں اعتراف کرتا ہوں، ہماری جماعت کے قائدین کو جیلوں میں ڈالا گیا اور ملک سے زبردستی باہر بھجوایاگیا مگر ہماری لیڈر شپ نے دور اندیشی اور محبت کا سبق دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بجٹ مشکل حالات میں پیش کیاگیا، پاکستان کی تباہی کے دھانے کی بنیاد 2018 میں رکھی گئی، چار برسوں میں جس طرح قرضوں کا بھرمار کیا گیا اس کی ملک کی 76 سالہ تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہاکہ ہماری کوششوں سے سولر اور ادویات پرٹیکس نہیں لگا، انڈسٹری کیلئے بجلی پر 11 فیصد کی چھوٹ سے صنعتوں کوفائدہ پہنچے گا، وزیراعظم کی محنت کے بل بوتے پر سی پیک دوبارہ بحال ہو رہا ہے، سعودی عرب، قطر اور یو اے ای کی جانب سے اربوں ڈالرکی سرمایہ کاری آرہی ہے، مگر جب بھی ملک ٹیک آف کی پوزیشن پر آجاتا ہے تو ایک سازش شروع کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ تنخواہ دار طبقہ پرٹیکس میں اضافہ کی وہ مخالفت کرتے ہیں تاہم صاحب ثروت طبقہ پرٹیکس ہونا چاہئیے۔حنیف عباسی نے کہاکہ بجلی بنانے والی کمپنیوں نے کھربوں روپے بنالئے ہیں، کئی پلانٹس کی مدت مکمل ہوچکی ہے انہیں بند کیا جائے، بیرونی کمپنیوں کونہ چھیڑا جائے کیونکہ اس سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد مجروح ہوگا، کار ساز ادارے 60 فیصد پارٹس امپورٹ کررہے ہیں جبکہ انہوں نے 100 فیصد پیداوار مقامی طور پر دینے کا وعدہ کیا تھا، ان طبقات پرٹیکس عائد کرکے غریب لوگوں کوبچایا جائے۔

تیسری دنیا کے کئی ممالک کے مقابلہ میں ہماری برآمدات کی شرح بہت کم ہے، ہمیں برآمدات پرتوجہ دینا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ 2013 میں سیاسی اخلاقی گراوٹ کاآغازہوا، سپریم کورٹ کی دیواروں پرشلواریں لٹکائی گئی، اورپی ٹی وی پرحملہ کیاگیا جس سے پاکستان میں وضع داری کی سیاست ختم ہوگئی ہے جس کے احیا کیلئے ہم کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارا نیلسن منڈیلا دیسی گھی میں پکائے کھانے کھارہاہے، نیلسن منڈیلا بننے کیلئے پتھرتوڑنا پڑتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ روف حسن کابیان ریکارڈپرہے کہ عمران خان کا ٹویٹراکاونٹ امریکا سے آپریٹ ہورہاہے یہ اکاونٹ ملک کی فوج اوراداروں کے خلاف استعمال ہورہاہے، فارن فنڈنگ کیس میں صاف لکھاہے کہ بھارت اوراسرائیل سے فنڈنگ ہوئی ہے۔ آج تک کسی پاکستانی نے شہیدوں کی یادگاروں کی بیحرمتی نہیں کی، کسی پاکستانی نے کورکمانڈرہاوس پرحملہ نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کیلئے سب کواکھٹاہونا ہوگا۔پاکستان کی کشتی کوپارکرانے کیلئے متحدہونا پڑے گا۔نومئی کے ملزمان کوکیفرکردارتک پہنچایاجائے اور باہر پھرنے والے ماسٹرمائنڈز کو فوری طورپرگرفتارکیا جائے تاکہ کسی کوپاکستان کومیلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ ہوں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں