صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کا ٹیک ویلی پاکستان اور الائیڈ ٹیم کے ہمراہ گرلز کالج ایف سکس ٹو میں قائم گوگل فار ایجوکیشن سینٹر آف ایکسیلینس کا دورہ

ہفتہ 22 جون 2024 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2024ء) صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب رانا سکندر حیات خان نے ٹیک ویلی پاکستان اور الائیڈ ٹیم کے ہمراہ آئی ایم سی جی ایف سکس ٹو میں گوگل فار ایجوکیشن سینٹر آف ایکسیلینس کا دورہ کیا ۔ وزارت تعلیم کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق اس موقع پر آئی ایم سی جی ایف سکس ٹو کی ایک طالبہ نے صوبائی وزیر تعلیم کی قیادت میں آنے والی ٹیم کو اپنی متاثر کن کہانی سے آگاہ کیا کہ کس طرح گوگل فار ایجوکیشن اور کروم بک ایکو سسٹم نے ان کے سیکھنے کے تجربے کو نمایاں طور پر بہتر بنایا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خان نے گوگل فار ایجوکیشن سینٹر آف ایکسیلینس کے قیام کے اقدام کو سراہا ۔ آئی ایم سی جی ایف سکس ٹو کی پرنسپل نے طالبات کے سرکاری اسکول میں قابل ذکر تبدیلی کے سفر پر روشنی ڈالی ، جو گوگل فار ایجوکیشن ٹیکنالوجی کے انضمام اور سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی کی سربراہی میں وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے بھرپور تعاون سے ممکن ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

اس دورے سے تعلیم میں ٹیکنالوجی کے بھرپور اثرات اور مستقبل کی ترقی اور جدت طرازی کے امکانات کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی ۔ واضح رہے دو روز قبل آئی ایم سی جی ایف سکس ٹو میں گوگل فار ایجوکیشن سینٹر آف ایکسیلینس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کا افتتاح وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے گوگل کی ٹیم کے ہمراہ کیا جس کا مقصد تعلیم کو ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں