حکومت سے سولر سسٹم کیلئے جامع پالیسی مرتب کرنے کا مطالبہ کردیا گیا

اتوار 23 جون 2024 12:30

حکومت سے سولر سسٹم کیلئے جامع پالیسی مرتب کرنے کا مطالبہ کردیا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2024ء) جمیعت علمائے اسلام کی رکن شاہدہ اختر علی نے کہا ہے کہ سولر سسٹم کے لیے جامع پالیسی مرتب کی جائے،پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے سنجیدہ کوششیں کی جائیں۔ اتوار کوقومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پربحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بجٹ ملک کی معیشت کے حوالے سے مستقبل کا نقشہ پیش کرتا ہے مگر جو بجٹ پیش کیا گیا ہے اس میں صرف خوشنما الفاظ ہیں۔

یوں لگتا ہے کہ ہم مصلحتوں کا شکار ہیں، اس لیے بجٹ کو اچھا کہنا یا عوام دشمن کہنا ہمارے لیے آسان نہیں ہوتا،اب وقت آگیا ہے کہ ہمیں ان مصلحتوں سے باہر نکلنا چاہیے،یہ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے ہم نے 2025 میں آئی ایم ایف کے پروگرام کو آگے لے کر جانا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 43 ہزار میگا واٹ ہے جبکہ ہماری ٹرانسمیشن کی صلاحیت 25 ہزار میگا واٹ ہے ، آئی پی پیز کو اتنی مراعات کیوں دی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سولر سسٹم کے لیے بھی ایک جامع پالیسی مرتب کی جائے،پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے سنجیدہ کوششیں کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں نوجوانوں کو ان کے روزگار کا تحفظ حاصل نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ ملک چھوڑ کر باہر جا رہے ہیں۔ حکومت اس سلسلے میں سنجیدہ اقدامات کرے۔ملازمین پر ٹیکس لگایا گیا ہے اور دوسری طرف زیرہ کے برابر تنخواہ میں اضافہ دیا گیا ہے، یہ نا انصافی ختم ہونی چاہیے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں