وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات کی ہدایت پر پاکستان کوسٹ گارڈز کا سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن

منگل 25 جون 2024 19:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2024ء) وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی کی ہدایت پر پاکستان کوسٹ گارڈز نے سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔پاکستان کوسٹ گارڈز نے انٹیلیجنس کی بنیاد پر بلوچستان میں اوتھل،کھاری چیک پوسٹ اور گوادر دہشتی نالہ سائیڈ پر کارروائیاں کیں۔ اوتھل کے قریب کوئٹہ سے کراچی آنے والی جاپان کوچ سے 1140 کلو چھالیہ اور 255 پیکٹ گٹکا برآمد ہو جبکہ کھاری چیک پوسٹ پر بیلہ سے کراچی جانے والی الحنیف کوچ سے 12800 لیٹر ایرانی ڈیزل بر آمد ہوا۔

گوادر دہشتی نالہ سائیڈ سے 13 غیرقانونی تارکین وطن کو گرفتار کیا گیا۔تمام افراد بغیر کسی قانونی دستاویزات اور راہ داری کے غیر قانونی طریقہ سے سپیڈبوٹ کے ذریعے ایران سے پاکستان سے آ رہے تھے۔

(جاری ہے)

تمام افراد کو مزید تفتیش اور دیگر قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے حکام کے حوالے کر دیا گیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی ہے کہ سمگلنگ کی روک تھام کیلئے بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے اور سمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سمگلنگ سے ملکی صنعت اور معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے، مافیا کی سرکوبی ضروری ہے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سمگلنگ کے خلاف پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارکردگی کو سراہا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں