این آر ٹی سی پاکستان، الائیڈ آسٹریلین اور ٹیک ویلی پاکستان کے کروم بک اسمبلی لائن کے لئے تاریخی معاہدے پر دستخط

منگل 25 جون 2024 23:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2024ء) این آر ٹی سی پاکستان، الائیڈ آسٹریلین اور ٹیک ویلی پاکستان نے وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت میں پاکستان میں آرٹ کروم بک اسمبلی لائن کیلئے ایک مفاہمت کے خط (ایل او یو) پر دستخط کئے ہیں ۔ دستخطوں کی تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور وزارت کے دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔

مشترکہ منصوبے کا مقصد این آر ٹی سی ، ہری پور(خیبرپختونخوا ) میں عالمی معیار کی اسمبلی لائن قائم کرنے کے لئے ہر فریق کی مہارت، ٹیکنالوجی اور مارکیٹ کی بصیرت کو بروئے کار لانا ہے جو کہ ضروری ریگولیٹری منظوری اور انفراسٹرکچر کی دستیابی سے مشروط ہے۔ اس شراکت داری سے پاکستان کے ٹیکنالوجی کے شعبے کو فروغ ملے گا، اقتصادی ترقی کے نئے مواقع اور روزگار میسر آئے گا۔

(جاری ہے)

اسمبلی لائن میں ہر سال 500,000 کروم بکس کی ابتدائی پیداواری صلاحیت ہوگی جسے سالانہ 10 لاکھ تک بڑھایا جائے گا۔ مفاہمت کی رسمی یادداشت ہر فریق کے کردار اور ذمہ داریوں کی وضاحت کرے گی جسے بعد میں حتمی شکل دی جائے گی۔ یہ تعاون پاکستان کو خطے میں ٹیکنالوجی مینوفیکچرنگ اور اختراعات کے مرکز میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ایل او یو پر دستخط اس مقصد کے حصول کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں