وفاقی حکومت جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور ای پاکستان کےوژن کے تحت خواتین کی معاشی ترقی کیلئے خاطر خواہ اقدامات اٹھا رہی ہے، احسن اقبال

بدھ 26 جون 2024 00:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2024ء) وفاقی حکومت جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور ای پاکستان کےوژن کے تحت خواتین کی معاشی ترقی کیلئے خاطر خواہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے خواتین اور انکی صحت سے متعلق قومی کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس کا عنوان ’’پاکستان میں خواتین کیلئے صحت کی نگہداشت کا جامع حل‘‘ تھا۔ وفاقی وزیر نے خواتین کی صحت اور تعلیم کو قومی ترقی کیلئے ایک سنگ بنیاد قرار دیتے ہوئے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کوئی بھی ملک جس کی 50 فیصد آبادی خواتین پر مشتمل ہے کی بھرپور شرکت کے بغیر ترقی حاصل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے خواتین میں خواندگی کی شرح 90 فیصد حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا، جیسا کہ گزشتہ پچاس سالوں میں ایشیا کے تیزی سے ترقی پذیر ممالک میں دیکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے نشاندہی کی کہ جن ممالک کی قومی ترقی میں خواتین کی شرکت کی شرح پچاس فیصد سے کم ہے وہ پائیدار ترقی میں کامیاب نہیں ہوئے۔انہوں نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کے تحت خواتین کی بہبود کے لیے حکومت کے فعال اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے اوران کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے ترقیاتی بجٹ میں بیشتر اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 21ویں صدی کی ڈیجیٹل معیشت کیلئے حکومت نے بیشتر اقدامات اٹھائے ہیں جن کے تحت خواتین کو گھر سے کام کرنے کے بیشتر مواقع فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت موجودہ مالی سال میں وزیر اعظم شہبازشریف کی قیادت میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر اہم اقدامات شروع کر رہی ہے، ان اقدامات میں ہیپاٹائٹس کے خاتمے کی مہم کا آغاز، ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کی روک تھام شامل ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کا مقصد غذائی سہولیات کو بڑھا کر سکول کے بچوں میں غذائیت کی کمی کو دور کرنا ہے۔انہوں نے گزشتہ دور حکومت میں وزارت منصوبہ بندی میں صنفی یونٹ کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسکا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ خواتین کی صحت اور بہبود کو تمام ترقیاتی اقدامات میں مربوط کیا جائے، جو ایک صحت مند معاشرے کو فروغ دینے کے لیے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خواتین کی بہبود پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے میں اولین ترجیح ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں